جنوبی پنجاب: فوڈ اتھارٹی ان ایکشن‘ 6پوائنٹس سیل‘متعدد کو جرمانے

  جنوبی پنجاب: فوڈ اتھارٹی ان ایکشن‘ 6پوائنٹس سیل‘متعدد کو جرمانے

  



ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی"ملاوٹ سے پاک پنجاب "مہم کے تحت فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہوئی 6فوڈپوائنٹس کو سربمہر کیا۔ متعدد فوڈ پوائنٹس کوحفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر255,000کے جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیمز نے کارروائی کرتے ہوئے (بقیہ نمبر32صفحہ12پر)

سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،بھاری مقدار میں ایکسپائرڈ بیوریجز کی فروخت،لائسنس نہ ہونے،کھانے کی اشیاء زمین پر رکھنے،حشرات کی روک تھام کے نامناسب انتظامات ہونے پر رحیم یارخان میں واقع علی محسن اینڈ کمپنی،راجن پور میں دیدار ٹریڈرز ڈرنکس سیل پوائنٹ،ایم رمضان جوس سیل پوائنٹ کو سربمہر کیا گیا۔ اسی طرح ملتان،مظفرگڑھ میں کارروائی کے دوران فنگس زدہ خام مال کی موجودگی،زنگ آلود مشینری،لائسنس نہ ہونے،لیبلنگ نہ ہونے،سرخ مرچوں میں ملاوٹ کرنے،ورکرز کے میڈیکل سرٹیفیکیٹس نہ ہونے اور صفائی کے ناقص انتظامات پرملتان میں واقع اے ایچ فوڈز،مظفرگڑھ میں واقع محمدی چکی کو سربمہر کیا گیا۔ اسی طرح بہاولنگر میں واقع ہوم بیسڈ ملک یونٹ،لیہ میں واقع عظیم ملک کولیکشن سنٹر کو ملاوٹی دودھ کی فروخت کرنے،دودھ کو وے پاؤڈر،کیمیکل سے مصنوعی طریقے سے تیار کرنے،خالی سرف کے پیکٹس کی موجودگی،لائسنس نہ ہونے اور ناقص صفائی پر ملک یونٹ اینڈ کولیکشن یونٹ کو سیل کیا گیا۔اسی طرح بہاولپور میں واقع ایشیاء پولٹری پروٹین کو سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ناقابل سراغ آئل کی موجودگی،بائیوڈیزل کمپنی سے کنٹریکٹ نہ ہونے، آئل کا جعلی ریکارڈ نہ ہونے،لائسنس نہ ہونے، لیبلنگ نہ ہونے پر سربمہر کیا گیا۔ اسی طرح رحیم یارخان میں کارروائی کے دوران بھٹی چکن سیل سنٹر کو مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت کرنے،مردہ مرغیوں کا گوشت دوسری جگہ منتقل کرنے،گندے فریزرز،حشرات کی روک تھام کے نامناسب انتظامات ہونے پرچکن سیل پوائنٹ کو سیل کیا گیا جبکہ رحیم یارخان میں مزید چیکنگ کے دوران گٹکا ایکسپائرڈ ڈرنکس کی فروخت،کھانے کی اشیاء زمین پررکھنے اور ناقص صفائی پر کریانہ سٹور کوسربمہر کیا گیا۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بہاولپور،ملتان کے گردونواح میں کارروائیوں کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر178,000کے جرمانے عائد کیے۔ڈی جی خان،مظفر گڑھ اور گردونواح میں ورکنگ ایریا صاف نہ ہونے، ملازمین کے میڈیکلزکی عدم دستیابی اور ناقص انتظامات پر77,000کو جرمانے عائد کیے گئے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں مصالحہ جات،غیر معیاری دودھ،ناقص آئل،زائدالمیعاد ڈرنکس اور مضر صحت خوراک کو تلف کیا گیا۔ مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈپوائنٹس کو وارننگ نوٹس بھی جاری کیے۔

جرمانے

مزید : ملتان صفحہ آخر