کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک وفاقی حکومت ہے،جام اکرام

  کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک وفاقی حکومت ہے،جام اکرام

  



کراچی (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی،صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ ملک خطرناک وبا کے زد میں ہے لیکن سلیکٹیڈ وزیراعظم کوئی ہنگامی اقدامات کرنے کے بجائے اپنے سلیکٹیڈ وزرا سے چہ مگوئیاں کرنے میں مصروف ہیں اس کے برعکس سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف ایمرجنسی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اس معاملے میں کوئی رسک نہیں لیا جائے گا جبکہ عوام کے لیے کرونا وائرس سے زیادہ خطرناک مسلط کیے گئے ظالم وفاقی حکمران ہیں جن کی سفاک پالیسیوں اور ریکارڈ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی کمر ٹوٹ گء ہے اور ملک میں آئے دن خودکشی کے واقعات میں بھی دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ کابینہ وزیراعلی سندہ کی قیادت میں دن رات کام کر رہی ہے اس کے برعکس سلیکٹیڈ حکمران عوام کو ریلیف دینے اور ملکی ترقی کرنے کے بجائے صرف اور صرف سیاسی انتقام کے راستے تلاش کر رہے ہیں، جبکہ موجودہ نااہل اور انتہائی ناقص حکمرانی کے نتائج ملک اور عوام بھگت رہے ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت کی نظر عوامی مسائل و ترقیاتی منصوباجات پر ہے پیپلز پارٹی سبز باغ دکھانے کے بجائے اپنے منشور پر عمل پیرا ہے ہم عملی کام کر رہے ہیں کیونکہ ہم عوام کے پاس جوابدہ ہیں پہلے بھی نوجوانوں کو روزگار دیا ہے اور انشااللہ اب بھی پیپلز پارٹی بہت جلد بہتر سے بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے جا رہی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر