کراچی،اسکول ٹیچر سمیت 4شہریوں کا قاتل گروہ گرفتار

  کراچی،اسکول ٹیچر سمیت 4شہریوں کا قاتل گروہ گرفتار

  



کراچی (سٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے اسکول ٹیچر سمیت شہریوں کے قتل میں ملوث 5رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا گرفتار گروہ کے کارندے اسٹریٹ کرائم، گھروں اور دکانوں میں ڈکیتیوں کے ساتھ ساتھ بینک یا منی چینجرسے رقم نکلوانے والے افراد کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز سندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لائنزایریا، کورنگی، لیاقت آباد اور ناظم آباد کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5افراد پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں کامران امجد،وقار علی، اسد عرف چھوٹا، شیراز عرف شیری اور عدنان عرف عدی شامل ہیں جو مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، گھروں اور دکانوں میں ڈکیتیوں کے ساتھ ساتھ بینک یا منی چینجر سے رقم نکلوانے والے افراد کو لوٹنے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے 5پستول بھی برآمد کئے گئے جسے وہ دوران ڈکیتی واردات میں استعمال کرتے تھے، ملزمان ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی 4وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، ملزمان نے 28دسمبر کو جیکب لائن میں محمد عماد السلام،30ستمبر کو شاہرا ہ قائدین پر توفیق اور 18نومبر جیکب لائن میں محمد عمران کو دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان نے 31جنوری کو سولجر بازارمیں ویتنام سے آنے والے اسکول ٹیچر انعام علی کو اس کی بہن ڈاکٹر فرحین کے سامنے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، مقتول اور اس کی بہن منی چینجر سے رقم تبدیل کراکر گھر واپس آرہے تھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر