ملک میں ماسک مہنگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں،کوکب اقبال

  ملک میں ماسک مہنگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں،کوکب اقبال

  



کراچی (سٹاف رپورٹر)پورے ملک میں مہلک کرونا وائرس سے بچاؤ کے ماسک مہنگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں۔ منافع خور تاجروں نے موقع سے فائدہ اتھاکر تجوریاں بھرنی شروع کردیں۔ حکومت مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے اور اسے منافع خوری کی خاطر ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لے۔ ایئرپورٹ اور بارڈر پر موجود نا اہل عملے کی غفلت سے پورے ملک میں خوف کی فضا قائم ہوگئی۔ جب یہ معلوم تھا کہ پڑوسی ممالک میں موذی مرض آچکا ہے سخت اقدامات اور چیکنگ کی جاتی۔ یہ بات کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کرونا وائرس کو مزید روکنے کے لیے حکومت جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ کوکب اقبال نے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کے کیس سے صرف ایک دن پہلے صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے تعاون سے پاکستان ہیلتھ کیئر سمٹ منعقد کی گئی تھی جس میں ماہرین طب نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ہمارے پڑوسی ممالک تک کرونا وائرس آچکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے پاکستان میں آنے سے روکنے کے لیے بھرپور سخت ترین اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ پاکستاسن کی عوام اس سے متاثر نہ ہوسکے اور ان کی جانوں کو جو خطرات ہیں اس سے محفوظ رہ سکیں۔ مگر افسوس وہی ہوا جس کا خدشہ تھا۔ کوکب اقبال نے کہا کہ گزشتہ ماہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا خطرناک ترین مہلک کرونا وائرس آہستہ آہستہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیتا جارہا ہے چائنا معیشت کا نمبر ون لیڈر ہے جو مصنوعات ایکسپورٹ کرکے اربوں ڈالر کمارہا تھا صرف اس مہلک مرض کی وجہ سے اپنی اشیاء کی ایکسپورٹ نہیں کرسکتا کیونکہ یہ ملک اب اشیاء چائنا سے درآمد کررہے تھے وہ کسی اور ملک سے درآمد کررہے ہیں جسکی وجہ سے چائنا کی معیشت کو بہت بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس خطرناک جان لیوا مرض نے صرف چین میں ہزاروں لوگوں کی جان لے لی ہے۔ کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان پورے ملک میں اس مہلک مرض سے بچاؤ کے لیے ”احتیاطی تدابیر پر عمل کرو کرونا وائرس سے بچو“ مہم کا آغاز کررہی ہے۔ اس سلسلے میں حیدر آباد میں کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین مختیار احمد پٹھان نے ہزاروں مفت ماسک تقسیم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو حوصلہ دیں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنا کردار ادا کریں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر