ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے والے چینی ماہرین سے حکومت کی بے رخی

  ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے والے چینی ماہرین سے حکومت کی بے رخی

  



کراچی (سٹاف رپورٹر) ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے حکومتی درخواست پر آنے والی چینی ماہرین کی ٹیم کو وفاقی اور سندھ حکومت نے فراموش کردیا۔سندھ کو ٹڈی دل سے نجات دلانے والی ٹیم کی پریس بریفنگ میں کوئی حکومتی نمائندہ شامل نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کی گئیں کوششیں کامیاب ہوگئی ہیں لیکن حکومت سندھ یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی تاثر سامنے نہیں آیا۔حکومت سندھ جو کہ کئی ماہ سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کوششیں کررہی تھی لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئی جس کے بعد اس نے چین کی حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔ حکومتی درخواست کے بعد چینی ماہرین کی ایک ٹیم نے پاکستان آئی اور اس کی کاوشوں سے سندھ میں ٹڈی دل کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز چینی ماہرین کی ٹیم نے اپنی کاوشوں کے حوالے سے ایک پریس بریفنگ کا اہتمام کیا لیکن اس میں حکومت سندھ کے کسی بھی نمائندے نے شرکت نہیں کی جس پر شہری حلقوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔سندھ میں ٹڈی کے خاتمے کے بعد چینی ٹیم بلوچستان روانہ ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ ٹڈی دل سے سندھ میں فصلوں کو کافی نقصان پہنچا تھا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر