گرین اسٹار کے اجلاس میں بریسٹ کینسر پر علمی گفتگو
کراچی (سٹاف رپورٹر)گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ ایک خود مختار نیٹ ورک پاپولیشن سروسز انٹرنیشنل کا رکن ہے، جس نے حال ہی میں ایک معلوماتی فوکس گروپ اجلاس کا اہتمام کیا، جس کے موضوعات میں؛ چھاتی کا سرطان اور خاندانی منصوبہ بندی شامل تھے۔ یہ تقریب آرینا تفریحی کامپلیکس، کراچی میں منعقد کی گئی، جہاں شرکاء، خصوصاً خواتین کو ایک محفوظ ماحول میں، صحت کے ان مسائل کی وجوہات، علامات اور علاج کے اقدامات کے حوالہ سے اہم معلومات فراہم کی گئیں۔اجلاس میں گرین اسٹار کے ماہرین اور عوامی صحت کے حکام سمیت متعدداہم شخصیات نے شرکت کی۔ معروف بریسٹ سرجن، ڈاکٹر روفینہ سومرو نے اس نشست کی سربراہی کرتے ہوئے خطاب کیا اور بریسٹ کینسر کے واقعات، خطرات اور احتیاطی تدابیر سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ گرین اسٹار کی مسلسل مصروف عمل ہے، تاکہ عوام کو اہم معلومات، علامات اور علاج سے آگاہ کرتے ہوئے، بریسٹ کینسر سے متعلقہ غلط فہمیوں اور جھوٹی رسوائی سے مریضوں کو بچایا جا سکے۔پاکستان میں Contraceptive Prevalence Rate (CPR) کے فقدان سے پیدا ہونے والے معاشرتی مسائل اور ان کے حل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کیونکہ پاکستان میں (CPR) کی سطح انتہائی کم ہے۔اس اجلاس کے دوران پاکستان میں علاج کے بہتر معیار اور وسیع تر دستیابی کے لئے ہونے والے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔گرین اسٹار کے چیف ایگزیکٹیو ، ڈاکٹر سید عزیز الرب نے کہا کہ؛ گرین اسٹار کا ہدف یہ ہے کہ؛ پاکستان میں بریسٹ کینسر سے ہونے والی اموات کی شرح کو، بروقت تشخیص اور عوامی آگاہی کے ذریعے کم کیا جائے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار، ملک کے وزیر اعظم نے اپنے پہلے قومی خطاب میں؛ زچہ و بچہ کی صحت کو اہمیت دی، جس کے باعث گرین اسٹار کی حوصلہ افزائی ہوئی کہ، خاندانی منصوبہ بندی کی کاوشوں کو تیز تر کرتے ہوئے، باقائدہ طبی معائنوں، حفاظتی اقدامات اور متعلقہ اداروں میں ہم آہنگی کو وفاقی اور صوبائی سطح پر فروغ دیا جائے۔ پروفیسر روفینہ سومرو نے کہا کہ؛ ہمیں خوشی ہے کہ گرین اسٹار مسلسل ترقی کرتے ہوئے طبی مسائل کے اہم اجلاسوں کا انعقاد کر رہا ہے۔ پاکستان کے معاشرہ میں، خواتین کے لئے، بریسٹ کینسر جیسے پوشیدہ اور خطرناک امراض پر بات چیت کرنا مشکل ہوتا ہے۔یہ پروگرام خواتین کو ایسے مواقع فراہم کر رہا ہے کہ اور اپنی صحت اور جسمانی مشکلات کے حوالہ سے، خفیہ طور پر طبی ماہرین سے مشاورت کر سکیں، اور اپنی صحت کا بہتر خیال رکھ سکیں۔ہمارے ملک کی خوشحالی کا براہ راست تعلق، ہماری خواتین کی صحت سے جڑا ہوا ہے۔ہم پر فرض ہے کہ اس حوالہ سے قابل اعتماد معلومات کی فراہمی عوامی سطح پر جاری رکھیں اور اپنی نسوانی آبادی کے لئے ماہرانہ مشورے حاصل کرنے کے مواقع تخلیق کرتے رہیں۔