اپوزیشن جتنی مرضی تحریکوں کی دھمکیاں دے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں: شیخ رشید

اپوزیشن جتنی مرضی تحریکوں کی دھمکیاں دے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں: شیخ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک سال کے عرصے میں مکمل ہونے والی فیصل آباد ڈرائی پورٹ کی کنویئر بیلٹ کی تکمیل سے ریلوے کوتین ماہ میں تقریباً ایک ارب روپے تک کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔ٖٖفی الحال روز کوئلے کی ایک ٹرین چلے گی اور ہماری فیصل آباد ڈرائی پورٹ کے لیے چار سے پانچ عدد مال گاڑیاں روزانہ چلانے کی صلاحیت ہے۔ 2020 ریلوے میں فریٹ اور لینڈ کا سال ہے ایم ایل ون سے ایک لاکھ لوگوں کو نوکریاں دیں گے جبکہ حکومت عمران خان کی قیادت میں غریب و متوسط طبقہ کی حالت سنوارنے کیلئے کوشاں ہیں اور عمران خان کو مہنگائی اور غریب افراد کی مشکلات کا علم ہے لیکن جن حالات میں اقتدار ملا اگر مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ مزید برآں عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز سمیت دیگر ذرائع سے بھر پور ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنوئیر بیلٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب انتہائی محنتی اور باصلاحیت نوجوان ہیں جن کی کوششوں سے فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنویئر بیلٹ کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے 5دیگر بڑے شہروں میں بھی جلد کنویئر بیلٹس کے منصوبہ کا آغاز کریگا جس سے ریلوے کی آمدنی بھی بڑھے گی۔ جس کی وجہ سے جلد پاکستان ریلوے اپنی معیاری خدمات کی وجہ سے منافع حاصل کرنے لگے گا۔انہوں نے کہا کہ چیئر مین ریلوے کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں جن کی کوششوں سے کنویئر بیلٹ کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جس سے صنعتی، کاروباری، تاجربرادری کو سامان کی نقل و حمل میں مزید آسانی ہو گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت ماسک یا حفاظتی اقدامات کے حوالے سے دیگر متعلقہ اشیاء کے نرخ نہیں بڑھنے دے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف واپس نہیں آسکتے تاہم اس ضمن میں میڈیا ڈیل کہے یا ڈھیل اس سے اب کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ عمران خان کا مشن کچھ اور ہے مگر اس کے باوجود وہ دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ جتنی مرضی تحریکوں کی دھمکیاں دے دی جائیں کوئی عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔بھارتی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے پورے ہندوستان کو کشمیر بنا کر رکھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ یو پی، سی پی، کانپور ہو یا دلی ہر طرف مقبوضہ کشمیر جیسی صورتحال ہے جہاں مسلمان راتوں کو جاگ کر اپنی جانوں کی حفاظت کر رہے ہیں لہٰذا اقوام عالم کو اب اپنی بند آنکھیں کھولنی چاہئیں اور امریکہ سمیت اقوام متحدہ و دیگر بین الاقوامی طاقتوں کو اپنا فوری مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -