وزیراعلیٰ نے بہترین فیصلے کر کے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا: شوکت یوسفزئی 

وزیراعلیٰ نے بہترین فیصلے کر کے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا: شوکت ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمود خان نے بہترین فیصلے کر کے صوبے کو ترقی کی راہ پرگامزن کر دیا ہے۔ محمود خان با اختیار اور فیصلے خود کرنے والا وزیر اعلیٰ ہے۔ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اور حکومت کے عوام دوست منصوبوں سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے میڈیا کو اپنا کردار مثبت طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔ قبائلی اضلاع سمیت دوردراز کے پریس کلبوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محمود خان قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت اور تنگی یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ کان اور ناک ہوتے ہیں جو معاشرے کے تمام پہلوؤں پر نظر رکھتے ہیں۔ صحافی کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر،معاشرے کی اصلاح اور مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور حقیقی مسائل حکومت کے سامنے لانے کے لیے مثبت رپورٹنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوردراز کے پریس کلبوں کے مسائل کے حل اور صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پریس کلبوں کو ویل ایکویپد کیا جائے گا۔ صحت کے مسائل کی مستقل حل کے لیے صحافیوں کو صحت انصاف کارڈز جاری کرنے کے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ جرنالسٹ انڈومنٹ فنڈ میں میرٹ کا خیال رکھا جاتا ہے۔ پریس کلبوں کو گرانٹ ان ایڈ کے لیے پالیسی مرتب کی جا رہی ہے اور تحصیل سمیت قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں کو پالیسی کے مطابق گرانٹ دی جائے گی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان بہترین کام کر رہے ہیں۔ اورعوام کی فلاح و بہبود اور اداروں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ صحافی عوام کو حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ صحافی حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید : صفحہ اول