'20کروڑبھارتی مسلمانوں کے بنیادپرست بننے کاخدشہ ،دنیامداخلت کرے ورنہ...'،وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر خبردار کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نئی دلی میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر میدان میں آگئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ دلی میں پولیس اورآر ایس ایس کے جتھوں نے مسلمانوں کا قتل عام کروایاگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرانہوں نے کہا ریاستی سرپرستی میں ہونے والی اس دہشت گردی سے نئی دلی میں20کروڑمسلمانوں کے اسی طرح بنیادپرست بننے کاخدشہ ہے جس طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی زیادتیوں کی وجہ سے نوجوان بنیاد پرست بن گئے۔بھارتی قابض فوج نے تقریباً ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میں کئی بار واضح کرچکا ہوں کہ جب تک بین الاقوامی برادری مداخلت نہیں کرے گی یہ صورتحال نہ صرف اس خطے کیلئے بلکہ پوری دنیاکیلئے تباہ کن ثابت ہوگی۔
یاد رہے کہ اتوار اور پیر کو بھارتی دارالحکومت میں انتہا پسند ہندو جتھوں نے مسلمان بستیوں پر حملے کرکے 34افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا ۔ اس دوران مسلمانوں کی املاک جلائی گئیں،مساجد کی بے حرمتی کی گئی اور لوٹ مار کا بازار گرم کیاگیا۔ اس دوران پولیس اہلکار وہاں یوں موجود رہے جیسے سب ان کی نگرانی میں کیاجارہاہو۔ تاحال دلی کے کئی علاقوں میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور اقلیتیں خوفزدہ ہیں۔