”یہ سب دو ٹکے کی افواہیں ہیں “عائزہ خان نے واضح کردیا

”یہ سب دو ٹکے کی افواہیں ہیں “عائزہ خان نے واضح کردیا
”یہ سب دو ٹکے کی افواہیں ہیں “عائزہ خان نے واضح کردیا

  



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور اس ڈرامے کے کئی ڈائیلاگ بھی بہت مشہور ہوئے، جن میں سے ایک ’دو ٹکے کی عورت‘ والا بھی تھا۔یہ فقرہ ڈرامے میں مہوش (آئزہ خان )کو بولا گیا تھا۔ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش میں تھیں کہ ایئرپورٹ پر حقیقت میں بھی لوگوں نے آئزہ خان کو دیکھ کر انہیں ’دو ٹکے کی عورت‘ کہنا شروع کر دیا تھا۔ اب آئزہ خان ان افواہوں سے متعلق سامنے آ گئی ہیں اور انہیں جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا ہے۔ ویب سائٹ ’مینگوباز‘ کے مطابق یہ افواہ ابتدائی طور پر ایک ٹوئٹر صارف نے پھیلائی جس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ”کل میں ایئرپورٹ پر تھا۔ اتفاق سے آئزہ خان بھی وہاں تھی۔ وہ تیز قدموں سے چلتی آ رہی تھی اور مرد اسے دیکھ کر ’دو ٹکے کی عورت‘ چلا رہے تھے۔“

مختلف میڈیا ہاﺅسز نے بھی اس ٹویٹ کو بنیاد بنا کر خبریں شائع کیں اور بلاگرز نے بلاگ بھی لکھ ڈالے تاہم آئزہ خان نے گزشتہ روز اپنی ایک پوسٹ میں اس کی تردید کر دی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ”اوہ پلیز! مطلب کسی ایک نے کہہ دیا اور پوری دنیا نے یقین کر لیا۔ کیا کسی کے پاس کوئی ویڈیو ثبوت ہے؟ لوگ مجھ سے دیوانہ وار محبت کرتے ہیں، اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ اتنی عزت، اتنا پیار مجھے مہوش بن کر ملتا ہے، لوگ کیوں مجھے ایسا کہیں گے۔ سچ میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ میں حیران ہوں کہ بلاگرز اور دوسری ویب سائٹس یہ بات شیئر کر رہی ہیں اور کسی ایک نے مجھ سے پوچھنے کی زحمت نہیں کی۔ میں ایک بات بہت واضح کرکے آپ کو بتانا چاہتی ہوں۔ میں ایک اداکارہ ہوں اور کردار نبھاتی ہوں اور انشاءاللہ مستقبل میں بھی مختلف کردار نبھاتی رہوں گی۔ مجھے لوگوں سے اتنا پیار مل رہا ہے کہ میں بتا نہیں سکتی۔ مجھے بطور مہوش پیار دینے کا بہت بہت شکریہ۔“

مزید : تفریح