دبئی کے حکمران شیخ راشد المختوم اپنی بیوی سے مقدمہ ہار گئے

دبئی کے حکمران شیخ راشد المختوم اپنی بیوی سے مقدمہ ہار گئے
دبئی کے حکمران شیخ راشد المختوم اپنی بیوی سے مقدمہ ہار گئے

  



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی کے حکمران شیخ المختوم کی لندن کی عدالت میں دائر کی گئی اپنے مقدمات کو خفیہ رکھنے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ میل آن لائن کے مطابق شیخ المختوم کی 45سالہ اہلیہ شہزادی حیاءگزشتہ سال بچوں سمیت متحدہ عرب امارات سے فرار ہو کر برطانیہ چلی گئی تھی اور کچھ عرصہ وہاں روپوش رہنے کے بعد طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔ دوسری طرف شیخ المختوم نے بھی بچوں کی حوالگی کے لیے برطانوی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔

شیخ المختوم نے ایک اور درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ان کی اہلیہ کے ساتھ اس قانونی لڑائی اور مقدمات کے فیصلوں کو خفیہ رکھا جائے جو اب مسترد کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس پیشی پر شہزادی حیاءبھی لندن کی اپیل کورٹ میں حاضر ہوئیں۔ شہزادی حیاءنے ملک سے فرار ہونے کے بعد پہلی بار منظرعام پر آ کر بتایا تھا کہ وہ اپنی سوتیلی بیٹیوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی وجہ سے ملک سے فرار ہوئیں۔ شیخ المختوم کی دو صاحبزادیوں نے بھی فرار ہونے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں پکڑ لیا گیا اور اس کے بعد ان کی کوئی خبر باہر نہیں آ سکی۔ شہزادی حیاءکا کہنا تھا کہ ”آج جو میری سوتیلی بیٹیوں کے ساتھ ہوا، کل یہی کچھ میری اپنی بیٹی کے ساتھ بھی ہونا تھا، چنانچہ میں اپنے بچوں کو ایسے بھیانک مستقبل سے بچانے کے لیے ملک سے فرار ہوئی۔“واضح رہے کہ شہزادی حیاءشیخ المختوم کی سب سے چھوٹی اہلیہ ہیں جن کا تعلق اردن کے شاہی خاندان سے ہے۔

مزید : بین الاقوامی