10ارب روپے کی چوری کرنے والی چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے پکڑی گئی

10ارب روپے کی چوری کرنے والی چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے پکڑی گئی
10ارب روپے کی چوری کرنے والی چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے پکڑی گئی

  



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ سال دسمبر میں فارمولا ون کے سابق سربراہ برنی ایکلیسٹن کی 35سالہ ارب پتی بیٹی تیمرا ایکلیسٹن کے گھر 5کروڑ پاﺅنڈ(تقریباً 9ارب 89کروڑ روپے) کی چوری ہوئی۔ اب اس چوری کی واردات کے الزام میں تیمرا کے 7کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 13ارب 84کروڑ روپے)مالیت کے عالیشان گھر میں صفائی کرنے والی 47سالہ خاتون اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور یہ خاتون اپنی ایک چھوٹی سی حماقت کی وجہ سے پکڑی گئی۔ میل آن لائن کے مطابق ماریا میسٹر نامی یہ صفائی کرنے والی اطالوی خاتون واردات کے بعد اپنے آبائی ملک اٹلی چلی گئی اور جب وہ 31جنوری کو واپس برطانیہ پہنچی تو اس نے کانوں میں 3لاکھ پاﺅنڈ(تقریباً 5کروڑ 93لاکھ روپے) مالیت کے ہیروں کے جھمکے پہن رکھے تھے۔

یہ وہی جھمکے تھے جو تیمرا کے دیگر زیورات کے ساتھ گھر سے چوری ہوئے تھے۔ اتنے مہنگے جھمکے پہن کر ایئرپورٹ پر آئی تو اس سے حکام نے تفتیش کی اور پھر اسے ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد ماریا کے 29سالہ بیٹے ایمائیل بوگدن سیواسترو کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ گزشتہ دنوں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی عدالت میں پیشی ہوئی، جس میں ماریا نے چوری کے الزام کو مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ چوری کے وقت اس گھر میں بھی موجود نہیں تھی۔رپورٹ کے مطابق تیمرا ایکلیسٹن اپنے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ 3ہفتوں کی چھٹیاں منانے ملک سے باہر گئی ہوئی تھی جب ان کے 57بیڈرومز کے گھر میں چوری ہوئی۔ چور گھر سے نقدی، زیوارت اور دیگر تمام قیمتی اشیاءلے اڑے تھے جن کی مجموعی مالیت 5کروڑ پاﺅنڈ تھی۔

مزید : ڈیلی بائیٹس