امریکہ طالبان امن معاہدہ، وزیر اعظم عمران خان بھی میدان میں آگئے، بڑا اعلان کردیا

امریکہ طالبان امن معاہدہ، وزیر اعظم عمران خان بھی میدان میں آگئے، بڑا اعلان ...
امریکہ طالبان امن معاہدہ، وزیر اعظم عمران خان بھی میدان میں آگئے، بڑا اعلان کردیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ طالبان امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اس معاہدے کی بقاءو کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے مکمل پر عزم اور تیار ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ طالبان امن معاہدے پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم امریکہ و طالبان کے مابین ’دوحہ معاہدے‘ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ معاہدہ دہائیوں پرمحیط جنگ سمیٹنے اور افغان عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کیلئے امن و مفاہمت کاپیش خیمہ ہے۔ میرا ہمیشہ سے یہ موقف ہے کہ کتنی ہی پیچیدہ صورتحال کیوں نہ ہو امن کا معنی خیز دروازہ سیاسی حل ہی سے کھلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین یقینی بنائیں کہ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں عناصر کوئی موقع نہ پا سکیں۔ میری دعائیں اہل افغانستان کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں تک قتل وغارت گری کی آگ میں جلتے رہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اس معاہدے کی بقاءو کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے مکمل پر عزم اور تیار ہے۔

مزید : قومی