عمرہ زائرین پر پابندی، سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے خصوصی اعلان کردیا، خوشخبری سنادی

عمرہ زائرین پر پابندی، سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے خصوصی اعلان کردیا، ...
عمرہ زائرین پر پابندی، سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے خصوصی اعلان کردیا، خوشخبری سنادی

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی عمرہ زائرین جنہوں نے ویزہ لگوایا ہوا ہے لیکن پابندی کی وجہ سے سعودی عرب نہیں جاپائیں گے انہیں ہر ممکن طریقے سے تعاون فراہم کیا جائے گا۔

عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین اپنے پرانے ویزے پر پابندی ہٹنے کے بعد عمرہ کی ادائیگی کیلئے جاسکتے ہیں یا انہیں بنا فیس کے نیا ویزہ جاری کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ سعودی عرب نے جمعرات کے روز کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر عمرہ زائرین کے سفر پر پابندی عائد کردی تھی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی پابندی کے باعث جو عمرہ زائرین سعودی عرب نہیں جاپائیں انہیں پی آئی اے کے دفاتر یا ایجنٹوں سے مکمل ریفنڈ کیا جائے گا۔ سعودی ایئر لائنز کی جانب سے بھی عمرہ زائرین کیلئے مکمل ریفنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔

عمرہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رکن فیضان اختر کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں صورتحال واضح ہوگی، عمرہ زائرین چاہیں تو ساری رقم ریفنڈ کرسکتے ہیں اور چاہیں تو اسی پیکج پر پابندی ہٹنے کے بعد عمرہ کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہر سال سعودی عرب میں سالانہ 70 لاکھ کے قریب زائرین عمرہ کی ادائیگی کیلئے جاتے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہوتی ہے، گزشتہ برس دسمبر کے اعداد و شمار کے مطابق 4 لاکھ 95 ہزار 270 پاکستانیوں نے عمرہ کی ادائیگی کی جبکہ دوسرے نمبر پر انڈونیشیا رہا جہاں سے 4 لاکھ 43 ہزار 879 زائرین عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد