80 رنز بنا کر بھی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہنے والے شین واٹسن نے دل کا حال سنا دیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راﺅنڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ ملتان سلطانز کیخلاف میچ میں ہماری ٹیم نے آخری لمحات تک مقابلہ کیا مگر بدقسمتی سے جیت نہ سکے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں 30 رنز کی شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شین واٹسن نے کہا کہ حریف ٹیم کے باﺅلرز نے ہوم کراﺅڈ کے سامنے زبردست کارکردگی دکھائی۔ ہم نے میچ جیتنے کیلئے بھرپور کوشش کی مگر ملتان سلطانز نے عمدہ باﺅلنگ کے ذریعے ٹارگٹ کا حصول ناممکن بنا دیا، اگر دیکھا جائے تو یہ ایک بہترین میچ تھا جس میں دونوں ٹیموں نے جان لڑائی۔
انہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں 44 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنانے والے ملتان سلطانز کے کھلاڑی ریلی روسو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بے حد اچھا کھیلے، وہ ایک بہت ہی زبردست کرکٹر ہیں اور ڈرافٹ میں جب وہ ہمارے ہاتھ سے نکل گئے، تب ہی ہمیں اندازہ تھا۔
انہوں نے ملتان کے پرجوش تماشائیوں کو بھی خوب سراہا اور کہا ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں تماشائیوں کی جانب سے ملنے والی حمایت کمال ہے، کراﺅڈ بہت زیادہ پرجوش تھا جس سے میں بہت لطف اندوز ہوا۔