کپاس کے کاشتکاروں کو سپرے مشینری پر کروڑوں روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا آغاز

کپاس کے کاشتکاروں کو سپرے مشینری پر کروڑوں روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا آغاز

  

لاہور( این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کپاس کے کاشتکاروں کو سپرے مشینری پر کروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کردیا گیا جس سے کپاس کی کاشت کے مرکزی اضلاع ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازیخان، لیہ، مظفر گڑھ اور راجن پور کے کاشتکار مستفید ہوسکیں گے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق اس سکیم کے تحت ہینڈ سپرئیر 3ہزار روپے، پاور سپرئیر 15ہزار روپے اور ٹریکٹر مونٹڈ بوم سپرئیر پر 50ہزار روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔ سپرے مشینری میں ہنڈ سپرئیر 5عدد، پاور سپرئیر 2عدد اور ٹریکٹر مونٹڈ بوم سپرئیر ایک عدد فی یونین کونسل کے حساب سے دئیے جائیں گے۔ ٹریکٹر مونٹڈ بوم سپرئیر کیلئے درخواست دہندہ کا ایک عدد ذاتی ٹریکٹر 50ہارس پاور کا مالک ہونا لازمی ہے۔ہینڈ سپرئیر کیلئے 1تا 5ایکڑ، پاور سپرئیر کیلئے 6 تا ساڑھے 12 ایکڑ اور ٹریکٹر مونٹڈ بوم سپرئیر کیلئے ساڑھے 12 ایکڑ سے زائد رقبہ کے مالک/مزارعہ /پٹہ دار مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت کی ویب سائیٹ http://ext.agripunjab.gov.pk/ سے بھی ڈاؤن کیے جاسکتے ہیں۔ ہر طرح سے مکمل اور تصدیق شدہ درخواستیں 12 فروری2018 تک اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کرا ئی جائیں۔ تمام اضلاع میں سپرے مشینری کی قرعہ اندازی 28 فروری جبکہ فراہمی 30مارچ کو ہوگی ۔

مزید :

کامرس -