اتوار بازار وں میں ناقص اشیاء کی فروخت ، سکیورٹی غائب ، عملہ دیہاڑیاں لگانے لگا

اتوار بازار وں میں ناقص اشیاء کی فروخت ، سکیورٹی غائب ، عملہ دیہاڑیاں لگانے ...

  

لاہور (اپنے نمائندے سے )میٹروپولٹین کارپوریشن شہر کے اتوار بازاروں میں معیار فراہم کرنے اور من مانی قیمتوں پر کنٹرول رکھنے میں بری طرح ناکام،زون آفیسر بھی موقع سے غائب،عملہ دکانداروں سے مفت اشیاء خریدنے میں مصروف ،بازاروں سے سیکیورٹی ہٹا دی گئی،دکاندار من مانی قیمتیں وصول کرنے لگے،اتوار بازار ماڈل ٹاؤن میں دکانداروں کی زائد قیمتیں اور اشیاء کا ناقص ،معیار ،صفائی ستھرائی اور سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے شہری روزنامہ پاکستان کے سروے کے دوران پھٹ پڑے ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز روزنامہ پاکستان کی ٹیم اتوار بازار ماڈل ٹاؤن گلبرگ کا سروے کیا تو معلوم ہوا کہ اشیاء کا معیار انتہائی ناقص ہے اس حوالے سے صارفین میں سے محمد علیم چوہدری،محمد یوسف ملک ،عدیل برہان اور تصدق علی راجہ نے کہا ہم باہر کی دوکانوں سے بھی سودا سلف خریدتے ہیں لیکن جب اتوار بازاروں سے خریدتے ہیں تو ریٹ باہر کی مارکیٹ جیسا ہی ہے ،لیکن تمام اشیاء کا معیار انتہائی گھٹیا ہے دوکاندار انتہائی ہتک آمیز لہجہ میں کہتے ہیں کہ اگر چیزلینی ہے تو لے ورنہ چلتے بنے،انتظامیہ کے پاس بھی شکایات درج کروائی گئی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی ہے کیونکہ انتظامیہ اتوار بازار میں موجود ہی نہ ہوتی ہے جو اہلکار موجود ہوتے ہیں ،سب نے چوری بازاری لگائی ہوئی ہے،کسی کو خدا کاخوف نہ ہے اور ریٹ بھی زیادہ لگایا ہوا ہے بازار میں پہلے داخل ہوتے ہوئے بھی ڈر لگتا ہے ،مزید شہریوں کا کہنا تھا کہ ریٹ دوکاندار اپنی مرضی کے لگا رہا ہے اگر استفسار کرتے ہیں تو اشیاء کو ہاتھ نہیں لگانے دیتے ہیں تو دوسری طرف ناقص اشیاء کی فروخت بھی عروج پر ہے،ہم ادھر سے خریداری کرکے بالکل مطئمن نہیں ہیں ،یہاں صفائی کا انتظام انتہائی ناقص ہے کہ کھڑا ہونا ہی مشکل ہے،گوشت بھی کسی کا م کا نہیں ہے ،پتہ نہیں کتنے دن کا پرانا ہے پاس کھڑے ہوتے ہیں تو بدبوآتی ہے ،اشیاء کا معیار درجہ سوئم اور مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں،فیصل علی چوہدری اور محمد زین منیر نے کہا کہ یہاں سب کچھ ویسا ہی جیسا کہ باہر ہے،نہ تو کوئی صفائی ہے اور نہ ہی کوئی معیار ہے اور تو او ر یہاں سیکیورٹی بھی ختم کر دی گئی ہے،سب اپنی من مانی کررہے ہیں ،بندہ ادھر سہولت کی خاطر آتا ہے لیکن اب ادھر کوئی سہولت نہ ہے نہ سکیورٹی ہے نہ صفائی اور نہ ہی پرائس پر کنٹرول ہے۔ دوسری جانب ٹی ایم او گلبر گ نے کہا ہے کہ گراں فروشی کی کسی کو اجازت نہ ہے ،شکایات کی صورت فوری کارروائی کرتے ہیں

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -