پنجاب میں شدید دھند، فلائٹ آپریشن معطل،موٹر وے بند،درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے
لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں تیسرے روز بھی شدید دُھند ، حد نگاہ صفر سے 50 میٹر، فلائٹ آپریشن متاثر، موٹر وے پر ہر طرح کی ٹریفک بند،متعدد فیڈر ٹرپ جبکہ سردی کی لہر میں شدید اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھر میں دُھند کا راج گزشتہ رات بھی چھایا رہا ہے۔ شدید دُھندکے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا اور جدہ سے آنے والی شاہین ایئر لائن کو کراچی بھیج دیا گیا جبکہ اس کے علاوہ فلائٹ آپریشن معطل کرنا پڑا جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی سے دوچار ہونا پڑا۔ اسی طرح موٹر وے کو ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ جس میں شدید دھند کے باعث مسافروں کو موٹر وے کی بجائے قومی شاہراؤں پر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ موٹر وے بند ہونے کے باعث مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق شدید دھند کے باعث قومی شاہراؤں جس میں چیچہ وطنی سے احمد پور شرقیہ تک شدید دھند، چیچہ وطنی میاں چنوں ،خانیوال، بہاو لپور ، احمد پور شر قیہ کے علاقوں میں شدید دھند، خانیوال ملتان موٹروے کوبند کر دیا گیا ہے جس میں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب شہر میں شدید دھند کے باعث جہاں سردی کی شدت بڑھ گئی وہاں بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے ، متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہو کر رہ گیا۔
دھند