ڈاکٹر شاہد مسعود تمام صحافیوں سے الجھتے رہے

ڈاکٹر شاہد مسعود تمام صحافیوں سے الجھتے رہے

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )زینب قتل کیس کے ملزم عمران علی کے 37اکاؤنٹس اور اس کے کسی عالمی گینگ کا حصہ ہونے سے متعلق خبر دینے والے اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود اس کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران بھری عدالت میں پاکستان براڈکاسٹرزایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عامر محمودسے الجھ پڑے اور ان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آپ فکر نہیں کریں ،آپ آئندہ وزیراعلیٰ ہوں گے جس پر میاں عامر محمود نے انہیں ڈانٹ پلا دی ۔میاں عامر محمود اپنا موقف بیان کرنے کے بعد روسٹرم سے ہٹ کر اپنی نشست پر جارہے تھے ،وہ یونہی ڈاکٹر شاہد مسعود کے سامنے سے گزرے انہوں نے میاں عامر محمود پر مذکورہ طنزیہ فقراکسا جس پر میاں عامر محمود نے پلٹ کر انہیں دیکھا اور سختی سے ڈانٹ کر چپ کروادیا۔ڈاکٹر شاہد مسعود عدالت میں پیش ہونے والے تقریباً تمام سینئر صحافیوں سے نالاں نظر آئے ۔صحافیوں کی اکثریت نے عدالتی کارروائی کی حمایت کی ،بعض صحافیوں نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو معافی مانگنے کے لئے بھی کہا ،کمرہ عدالت سے باہر بھی سینئر صحافیوں نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو آمادہ کرنے کی کوشش کی کہ وہ اپنی غلطی مان لیں اور عدالت سے معافی کی درخواست کریں ۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے یہ تجویز ماننے سے انکار کردیا اور ان صحافیوں سے بھی کہا کہ چھوڑوں گا نہیں ۔

مزید :

صفحہ اول -