مختلف مقامات پر آتشزدگی، 10 سالہ لڑکے سمیت 7افراد جھلس گئے

مختلف مقامات پر آتشزدگی، 10 سالہ لڑکے سمیت 7افراد جھلس گئے

  

لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات کے دوران 10 سالہ لڑکے سمیت 7 افراد جھلس کر شدید زخمی جبکہ ایک موٹر سائیکل سمیت لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ بتایا گیاہے کہ فیکٹری ایریا کے علاقہ والٹن روڈ پر طارق نامی شہری کے گھر آگ بھڑک اٹھی اور آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کے دوران 65 سالہ طارق محمود اور اس کی بیوی 50 سالہ سلمیٰ بی بی آگ سے جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ جبکہ ہزاروں روپے مالیت کا قیمتی گھریلو سامان جل کر راکھ ہوگیا۔نواں کوٹ کے علاقہ میں نیازی اڈہ کے قریب گھر میں کھانا پکاتے ہوئے35 سالہ خاتون سمیرا 10 سالہ بیٹے شان علی کے ہمراہ جھلس کر شدید زخمی ہوگئی۔ ماں بیٹے کو سروسز ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اسی طرح بسطامی روڈ پر حاجی چکی والا چوک میں حاجی معراج دین کے گھر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے 70 سالہ حاجی معراج دین اور اس کا 35 سالہ بیٹا افضل جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جبکہ مصطفی آباد کے علاقہ میں اکبری جنرل سٹور کے قریب گھر میں آگ لگنے کے باعث 40 سالہ شہری جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔ ایک موریہ پل کی قریب آگ لگنے کے باعث موٹر سائیکل جل کر راکھ ہوگئی۔ اسی طرح گجومتہ کے قریب فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان جل کر راکھ ہوگیا۔

مزید :

علاقائی -