ننکانہ : کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی بھر مار ، حادثات معمول

ننکانہ : کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی بھر مار ، حادثات معمول

  

ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی )شہر بھر میں کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی بھرمار، ٹریفک حادثات کا ہونا معمول بن گیا، شہریوں کا ڈی ایس پی ٹریفک اور ڈی پی او ننکانہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی بھرمار ہوچکی ہے یہ کم عمر رکشہ ڈرائیور نہ صرف شہر میں بلکہ چھ سواریوں کی گنجائش والے رکشہ میں 10,10افراد کو بیٹھا کر ننکانہ صاحب کے گردونواح کا بھی سفر کرتے ہیں جبکہ متعدد رکشہ ڈرائیوروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود نہ ہیں جس کے باعث آئے روز ٹریفک حادثات کا ہونامعمول بن چکا ہے اور بہت سے لوگ اپنی زندگی کی بازیاں بھی ہار چکے ہیں مذکورہ کم عمر رکشہ ڈرائیور شہر کے گنجان آباد علاقوں میں انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ رکشہ چلاتے ہیں جبکہ کئی بار اپنے ہم عمر رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ بھرے بازاروں میں ریس لگاتے ہیں اورپیدل چلنے والے افراد کو ٹکریں مار کر شدید زخمی کردیتے ہیں شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ان کم عمر رکشہ ڈرائیورں کے خلاف کئی بار ٹریفک پولیس افسران کو آگاہ کیا گیا ہے مگر ٹریفک پولیس کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت اور ذاتی لالچ کے باعث ان کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کوئی بھی کاروائی نہیں کی جاتی انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کے عملہ نے ان کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کو شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے اگر کوئی ٹریفک پولیس کا اہلکار کم عمر اور بغیر لائسنس کے رکشہ ڈرائیور کو پکڑ بھی لے تو 100یا 200روپے نذرانہ لے کر ا نہیں دوبارہ چھوڑ دیا جاتاہے شہریوں نے ڈی ایس پی ٹریفک ننکانہ اور ڈی پی او ننکانہ صاحب سے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمر رکشہ ڈرائیوروں سمیت بغیر لائسنس کے رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید :

علاقائی -