منرل واٹر کی بوتلوں میں سنکھیا کی مقدار کی موجودگی کا انکشاف
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھرکے شہروں میں فراہم کیے جانے والے مختلف برانڈز کے پانی میں سنکھیاکی مقدار بھی پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھرکے تقریباً تمام بڑے شہروں میں فراہم کیا جانے والا مختلف برانڈز کا بوتل بند پانی کیمیائی اورجراثیمی طور پر آلودہ پایا گیاہے۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق پانی میں سنکھیاکی مقدار بھی پائے جانے کا انکشاف ہواہے جس سے پھیپھڑوں، مثانے، جلد، پراسٹیٹ، گردے، ناک اور جگر کا کینسر اور کئی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔پاکستان کونسل برائے تحقیقاتِ آبی وسائل،حکومتِ پاکستان،وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی ہدایت پر بوتلوں میں بندپانی کی کوالٹی کی مانیٹرنگ ایجنسی کے طور پرکام کر رہی ہے۔ سہ ماہی رپورٹ میں اسلام آباد،راولپنڈی،سیالکوٹ، پشاور، ملتان، لاہور، کوئٹہ، بہاولپور، ٹنڈوجام،کراچی اورمظفر آباد سے بوتل بند/ منرل پانی کے 104 برانڈز کے نمونے حاصل کیے گئے۔
تجزیے کے مطابق 11 برانڈزکے نمونے کیمیائی اور جراثیمی طور پر آلودہ پائے گئے تاہم ان میں4 نمونوں میں سنکھیا کی مقدار اسٹینڈرڈ سے زیادہ (14 پی پی بی سے لے کر 27 پی پی بی) تک تھی جبکہ پینے کے پانی میں اس کی حدِ مقدار صرف 10 پی پی بی تک ہے۔