غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی ،عدیل شاہ

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی ،عدیل شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیو رو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر چارسدہ عدیل شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ اور بلا جواز لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں سے باز پرس کی جائیگی ۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ چارسدہ کو امن کا گہوارہ اور مثالی شہر بنانے کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہی ہے ۔ وہ نستہ میں کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ عرفا ن اللہ خان ، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد فیاض ، اے ڈی سی احسان اللہ، ڈی آر سی چیئر مین شاہد خان ،اے سی عبد اللہ محمود ، ڈی ایس پی سرڈھیری فضل شیر خان اورایس ایچ نستہ سمیع اللہ خان بھی موجود تھے ۔ کھلی کچہری میں شرکا ء نے مسائل کے انبار لگا دئیے اور محکمہ سوئی گیس ، واپڈا اور دیگر سرکاری اداروں پر برس پڑے ۔ اہل علاقہ نے سوئی گیس کنکشن ، سوئی گیس اور بجلی لوڈ شیڈنگ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ علاقے میں پولیس گشت بڑھانے اور پولیس چوکیاں قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ کھلی کچہری سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ اور ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر عوام کے بنیادی مسائل حل کر نے کیلئے انقلابی اقدمات کئے جا ر ہے ہیں۔ محکمہ پولیس اورضلعی انتظامیہ مل جل کر ترجیحی بنیادوں پر عوام کے مسائل حل کر نے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور سوئی گیس لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں سے باز پرس کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے ۔ عوام نے کھلی کچہری میں جو مسائل اجاگر کئے ہیں اس پر من و غن عمل در آمد کیا جا ئیگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری ذمہ داری کے تحت منشیات فروشی اور جرائم پیشہ عناصر کے بیخ کنی کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ چارسدہ کو ایک مثالی شہر اور امن کا گہوارہ بنا نے کیلئے عوام پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔