الیکشن کمشن مکمل ہو گیا!

الیکشن کمشن مکمل ہو گیا!

  



نئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا کر چارج سنبھال لیا، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس، مسٹر جسٹس گلزار احمد نے حلف لیا، اس حلف برداری کے ساتھ ہی الیکشن کمشن مکمل ہوگیا کہ سندھ اور بلوچستان سے اراکین کے ناموں پر اتفاق کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہو چکا۔یہ عمل اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر پارلیمانی کمیٹی نے مشاورت کے بعد مکمل کیا۔سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ اور اہل شخص مانے جاتے ہیں،ان کی سابقہ شہرت کے باعث ہی اتفاق رائے ہوا، حلف کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ ووٹ کی عزت کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے،ان کا کام یہ ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن ہوں،جہاں تک ملکی انتخابات کا تعلق ہے تو یہاں ہونے والے ہر انتخاب پر انگلی ضرور اُٹھی اور اب اور گزشتہ نتخاب میں بھی الزام تراشی ہوئی،اب یہ نئے منتظم ہیں اور1973ء کے بعد بیورو کریسی سے چیئرمین آئے ہیں۔ان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ محاذ آرائی کے اس دور میں نہ صرف ممکنہ انتخابات،بلکہ انتخابی عمل سے متعلق شکایات کا ازالہ بھی کریں،ان کی شہرت کے حوالے سے یہ یقین ظاہر کیا گیا ہے اللہ کرے کہ اب الیکشن کمشن عوامی توقعات پر پورا اُتر سکے۔

مزید : رائے /اداریہ