فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، ملاوٹی اچار اور مربہ تیار کرنے والے2یونٹ سیل 5کو جرمانے
لاہور (جنرل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں اچار اور مربہ جات تیار کرنے والے یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔مضر صحت اجزاء کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 2یونٹس سیل اور 5 کوبھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اچار اور مربہ جات تیار کرنے والے73 یونٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر 2 کو سیل کردیا۔لاہور زون میں 14، راولپنڈی 16، ملتان 16 اور مظفر گڑھ زون میں 3 یونٹس کو چیک کیا گیا۔شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران البشیر فوڈز جبکہ ملتان میں عبدالرحمان مربہ یونٹ کوسربمہرکیا گیا۔سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے اور حشرات کی موجودگی پر5یونٹس کو جرمانے عائدجبکہ معمولی نقائص پر 58 کو اصلاحی نوٹسزجاری کیے گئے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں کی صوبہ بھر میں چیکنگ کے دوران 15یونٹس بند پائے گئے۔مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں میں کل 4 ہزار کلو ناقص مربہ، اچاراور 5 ہزار کلو خام مال برآمد کر کے تلف کر دیا۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گلے سڑے پھلوں کومضر صحت کیمیکلز لگا کر مربہ اور اچار تیار کرنے پر یونٹس کو سیل کیا۔پروڈکشن ایریا میں سگریٹ نوشی اور انتہائی ناقص سٹوریج پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مسلسل چیکنگ سے زیادہ تر یونٹس کے انتظامات میں بہتری آئی ہے۔گلی سڑی سبزیوں، پھلوں سے تیار شدہ مربہ اور اچار کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ سالانہ چیکنگ شیڈول کے علاوہ اچار اور مربہ یونٹس کی سرپرائز چیکنگ بھی کی جاتی ہے۔حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق محفوظ خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔