ملکی سطح پر ڈی این اے کٹس کی تیاری یقینی بنائیں گے،شعیب سڈل

ملکی سطح پر ڈی این اے کٹس کی تیاری یقینی بنائیں گے،شعیب سڈل

  



لاہور ( جنرل رپورٹر) چیئرمین نیشنل فرانزک سائنس کمیشن اور سابق آئی جی پولیس ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہا ہے کہ ملکی سطح پر ڈی این اے کٹس کی تیاری کو یقینی بنایا جائے گا جس کے نتیجے میں ہر سال لاکھوں ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہوگی وہ گزشتہ روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں نیشنل فرانزک سائنس کمیشن کے دوسرے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ملکی سطح پر تیار کی جانے والی ڈی این اے کٹس کی اشد ضرورت ہے اور ہماے پاس مکمل صلاحیت ہے کہ ہم ان کٹس کو ایک سال میں تیار کرسکیں،اس کمیشن کے قیام کا مقصد ملک کو اس نقصان سے بچانا ہے جو ہر سال لاکھوں ڈالر کی صورت میں کٹس غیر ممالک سے درآمد کرنے پر ہورہا ہے۔

ڈاکٹر شعیب سڈل نے اس حوالے سے ڈیٹا اکھٹا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں کمیشن کے سیکرٹری یو ایچ ایس کے فرانزک سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر اللہ رکھا نے ڈی این اے جینو ٹائپنگ کٹ ڈیلوپمنٹ کے حوالے سے ورک پلان پیش کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ایک سال کے اندر اندر یہ کٹس پاکستان میں تیار ہوسکتی ہیں۔اجلاس میں کمیشن کے جن ارکان نے شرکت کی ان میں کیمب پنجاب یونیورسٹی کے ڈی این اے ٹیکنیکل منیجر ڈاکٹر صفدر حسین، جنرل منیجر این ڈی ڈبلیو نادرا فیصل ایوب، ممبر پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر یاسر سلیم، ممبر ہاک اشفاق احمد کھرل اور رمیز بخاری شامل تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1 /رائے