کورونا وائرس،متعدی امراض روکنے کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے گی: ڈی جی ہیلتھ سروسز

کورونا وائرس،متعدی امراض روکنے کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے گی: ڈی جی ہیلتھ ...

  



لاہور (پ ر)ایڈوائزر ہیلتھ جناب حنیف پتافی اور ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر کی سرپرستی میں ماہرین کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدی امراض اور نئی پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت وضع کئے جانے والے منصوبے کی تجویز کے تکنیکی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔اس حکمت عملی کے تحت صوبے میں تمام متعدی امراض بشمول ڈینگی، ملیریا، یرقان، کانگو بخار کے علاوہ بین الاقوامی دلچسپی کی بیماریوں مثلاً کرونا وائرس، ایبولا وائرس وغیرہ کی روک تھام کے لئے ایک جامع منصوبے کے تحت کام کیا جائے گا۔ بیماریوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا، کسی بھی وبائی صورت حال کی قبل از وقت نشاندہی کرنا، وبا کی بروقت روک تھام کرنا، لوگوں میں صحت مندانہ عادات کو فروغ دینا، کسی وبائی خطرے کے بار ے میں معلومات کو متعلقہ لوگوں تک مناسب طریقے سے بہم پہنچانا، ماحول کو صاف ستھرا رکھنا تا کہ کوئی بیماری نہ پھیلے، اس منصوبے کے اہم اجزاء ہوں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہارون جہانگیرنے اجلاس کے شرکاء کی کاوش کو سراہا اور میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ڈی جی ہیلتھ نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے اور دور جدید کی تیز ترین سفری سہولیات کی وجہ سے کسی بھی ملک میں جنم لینے والی نئی بیماری بغیر کسی عجلت کے تمام ملکوں میں پہنچ سکتی ہے جس کی روک تھام کے لئے ہمیں ہر وقت تیار رہنا ہو گا۔ صابن سے ہاتھ دھونا، ماحول کو صاف رکھنا، حفاظتی ٹیکے لگوانا جیسے اقدامات پر عمل پیرا ہو کر ہم تمام متعدی امراض اور نئی جنم لینے والے امراض پر قابو پا سکتے ہیں۔

اجلاس میں عالمی ادراہ صحت، جے ایس آئی اور پی آئی ٹی بی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر جناب حنیف پتافی نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے قائم کردہ صوبائی امراض کی سرویلینس اور وبائی امراض کی روک تھام کے یونٹ کا افتتاح کیا۔ پی ڈی ایس آر وبا کی قبل از وقت نشاندہی اور روک تھام کے بروقت اقدامات کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزکی معاونت کرے گا۔

مزید : کامرس