کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہ کردیا،ڈی زراعت

کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہ کردیا،ڈی زراعت

  



 لاہور(لیڈی رپورٹر) محکمہ زراعت کے ذیلی شعبہ جات کے باہمی تعاون سے کاشتکاروں کو فی ایکڑ پیداوار کے لئے مزید بہتر خدمات پہنچائی جا سکیں گی اور ڈویڑن کے مسائل کا جائزہ بھی لیاجائے گا جس کو بعد ازاں احسن طریقے سے حل کیا جا سکے گا یہ بات ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت(ریسرچ) نے سیکرٹری زراعت پنجاب کی ہدایت پر محکمانہ بہتر روابط کیلئے قائم ہونے والی رابطہ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں لاہور ڈویڑن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مسائل اور ان کا حل بھی زیر غور لایا گیا۔اجلاس میں ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)، غلام نبی ڈائریکٹر جنرل زراعت(فیلڈ)،ڈاکٹر شیر محمد شروات ڈائریکٹر زراعت(توسیع) لاہور ڈویڑن سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے بریف کرتے ہوئے بتایا گیا کہ لاہور ڈویڑن میں امسال240ٹیوب ویلوں کا انرجی آڈٹ سروے کیا گیا ہے اور گندم،دھان اور سبزیات کی کاشت یہاں زیادہ تر رقبہ پرکی جا رہی ہے۔شعبہ زراعت(توسیع) اب تک 300سے زائد فارمر ٹریننگ کا انعقاد کر چکا ہے جس میں کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہی فراہم کی گئی ہے۔امسال کاشتہ فصلات پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ معاشی نقصان کی حد میں ہے اور فیلڈ کا عملہ کاشتکاروں سے رابطہ میں ہے۔لاہور ڈویڑن میں جاری منصوبہ پنجاب ایریگیٹڈایگریکلچرپروڈکٹویٹی امپورمنٹ(PIPIP)کے تحت 37غیر پختہ کھالہ جات کو پختہ کیا جا رہا ہے اور اس کے علاوہ 88مزید کھالہ جات کی اصلاح کاکام بھی جاری ہے۔ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت(ریسرچ) نے جاری کام کو مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے فصلات کے پانی کی بچت کے دیگر طریقوں کے بارے میں بھی جامع رپورٹ مرتب کرنے کو کہا۔اجلاس کے دوران ڈویڑن کے مسائل کو بھی نوٹ کیا گیا جس کے حل کے لئے سفارشات ارسال کی جائیں گی۔یاد رہے یہ رابطہ کمیٹی ہر ماہ ایک ڈویڑن میں ایک اجلاس منعقد کرے گی یوں نو ڈویڑنوں کا نو ماہ میں مکمل احاطہ کیا جائے گا۔کاشتکاروں کے مسائل کو ڈویڑنل سطح پر تعاون کے ساتھ حل کیا جائے گا اور اگر کسی پالیسی میں مداخلت یا تبدیلی کی ضرورت ہو تو یہ رابطہ کمیٹی محکمہ کو اپنی سفارشات ارسال کرے گی۔ یہ رابطہ کمیٹی کسی بھی ایک ڈویڑن میں وقوع پذیر نمایاں مسئلے کو موثر انتظام اور ضروری حفاظتی اقدامات کے لئے اس کا حل تمام ڈویڑنوں کو ارسال کرے گی۔

یہ رابطہ کمیٹی ایک دوسرے کے ساتھ سرگرمیوں اور جاری منصوبہ جات کے اشتراک سے محکمہ کے تمام ذیلی شعبہ جات کے دوران موثر تعاون کو یقینی بنائے گی۔

مزید : کامرس