پاکستان غیر ملکی سیاحوں‘سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ملک ہے، لاہور چیمبر

پاکستان غیر ملکی سیاحوں‘سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ملک ہے، لاہور چیمبر

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ اور سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کیلئے بہترین ٹریول ایڈوائزری کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے پاکستان کی وزارت خارجہ اور بیرون ملک مشن پر زور دیا ہے کہ وہ اسے بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برطانوی ٹریول ایڈوائزری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پُر امن ملک اور غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ملک ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے پاکستان کے لیے یہ بہترین قدم اٹھانے پر برطانوی حکومت اور ہائی کمیشن کو سراہا۔ انہوں نے ملک میں امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے فعال کردار ادا کرنے پر پاکستانی حکومت اور سکیورٹی ایجنسیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان پُر امن اور محفوظ خطہ بنانے کیلئے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس کیلئے ماضی میں بہت بڑی قیمت ادا کی ہے مگر اب حالات ملک کے حق میں جارہے ہیں اور روشن مستقبل کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے اس اقدام سے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، سیاحت، ایئر لائن اور ہوٹل انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور ملک کے شمالی علاقہ جات کی معیشت بھی مستحکم ہو گی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ برطانیہ دنیا کی مضبوط معیشتوں میں سے ایک ہے، اس کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری کوئی معمولی چیز نہیں ہے۔ لہٰذا ملک کے اعلیٰ حکام اور بیرون ملک مشن کے ذریعے پوری دنیا میں یہ پیغام جانا چاہیے کہ پاکستان میں اب کوئی سکیورٹی خدشات نہیں ہیں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو پُراعتماد ہو کر پاکستان میں موجود منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ حاصل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکیوں کے آنے سے سیاحتی شعبے میں موجود پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی، جس سے نا صرف ملک میں غیر ملکی زر مبادلہ حاصل کرنے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویراجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی جانب سے بھی ٹریول ایڈوائزریز بھی آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو آن بورڈ لے اس سے ملک میں معاشی استحکام کیلئے حکومتی کاوشوں کو فروغ ملے گا۔

مزید : کامرس