ڈیرہ،ریپڈ رسپانس فورس کمانڈوز کا فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری

ڈیرہ،ریپڈ رسپانس فورس کمانڈوز کا فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈیرہ پولیس کے ریپڈ رسپانس فورس کمانڈوز کا ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری، کوٹلی امام حسین ڈیرہ اسماعیل خان میں کاؤنٹر ٹیررازم کی فرضی مشقوں کا انعقاد، تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)حافظ واحد محمود کے زیر قیادت ڈیرہ پولیس کے ریپڈ رسپانس فورس کے کمانڈوز نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلع بھر کے حساس و اہم مقامات، تعلیمی اداروں، سرکاری عمارتوں وغیرہ پر فرضی مشقوں کے سلسلوں کو جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز کوٹلی امام حسین میں دہشتگردوں کے حملہ سے نمٹنے کیلئے کامیاب فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشقیں پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے اور کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ کی صورت میں عوام کی جان و مال اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنانا ہے جسکی خاطر پولیس اور ایلیٹ فورس کی مشقوں میں دیگر اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کیخلاف طاقت کے استعمال اور انکی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کیساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونیوالے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی مشق دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عمالی مظاہرہ پیش کیا کوٹلی امام حسین میں منعقد فرضی مشق کے موقع پر پولیس جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لئے رکھااور حفاظتی اقدامات و ہائی الرٹ سکیورٹی کے تحت مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کیلئے بھی مناسب اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ پولیس کی فرضی مشقوں کے تمام تر عوامل کی نگرانی ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)حافظ واحد محمود کر رہے تھے جبکہ ڈی ایس پی ایلیٹ فورس یوسف خان اور مقامی تھانہ سٹی کے ایس ایچ او نے انسداد دہشتگردی کی مشق کے آپریشنل دستوں کی کمانڈ سنبھال رکھی تھی۔ ضلع بھر میں انسداد دہشتگردی اور نگرانی کی موثر حکمت عملی کے تحت جاری پولیس فورس کی عملی مشقوں کے مقاصد اور افادیت کے حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اوالین ذمہ داری ہے جبکہ قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ کو برقرار رکھنا پولیس فورس کی حلف وفادای کا نقطہ نظر ہے جس کیلئے تمام توانائیوں کوبروئے کار لایا جائیگا۔اس موقع پر ڈی پی او نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے منعقد فرضی مشقوں میں حاصل کردہ تجربے کو عوام کے بہتر مفاد کیلئے بروئے کار لائیں اور پرفیشنلزم کی بنیا د پر مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں تاکہ شر پسند عناصر کو اپنے مزموم عزائم کی تکمیل کا کوئی موقع نہ ملے اور علاقے میں امن کی فضاء قائم رہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر