باہمی تجارت کے فروغ کیلئے فیسلی ٹیشن کمیٹی کا قیام

      باہمی تجارت کے فروغ کیلئے فیسلی ٹیشن کمیٹی کا قیام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تجارت کے فروغ اور تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کے مسائل بہتر انداز میں حل کرنے کے لئے پاک افغان ٹریڈ فیسیلی ٹیشن (Facilitation) کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی چیئرمین شپ کے لئے سرحد چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر اور پاک افغان جائنٹ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی اور افغانستان چیپٹرسے عبداللہ بادشاہ کو وائس چیئرمین نامزد کیاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں افغان قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی محمد فواد آرش کی زیر صدارت اجلاس پشاور میں افغانستان کمرشل اتاشی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قونصلیٹ کے فرسٹ سیکرٹری عبدالحسیب سپاس ٗ ڈپٹی اتاشی ڈاکٹر حمیداللہ فضل خیل ٗ پاک افغان جائنٹ چیمبر کے سینئر نائب صدر خالد شہزاد‘ لینڈ روٹ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین امتیاز احمد علی ٗ سید کامران شاہ ٗ عثمان خان ٗ جہانگیر عالمگیر ٗ معمور خان اور امان گل بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے امور کا جائزہ لیاگیا اور یہ فیصلہ کیاگیا کہ دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک اعلی سطحی فیسیلی ٹیشن کمیٹی تشکیل دی جائے جو مسائل کے حل کی نشاندہی سمیت موثر تجاویز پیش کرے جو ایک رپورٹ کی شکل میں دونوں حکومتوں کو پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے خاص طور پر ایس آر او 121 میں لوز کارگو کی اجازت دینے اور بانڈڈ کیریئر کو ختم کرکے پرائیویٹ ٹرکوں کے ذریعے مال لے جانے کی اجازت کی ضرورت پر زور دیاگیا، اس اقدام سے ماضی کی طرح کراچی سے پشاور/چمن پاکستان ریلوے سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کارگو لایا جائے گا اور آگے پشاور /چمن سے افغانستان بذریعہ پاکستانی /افغانی ٹرکوں کے زریعے کارگو بھیجا جائے گا تاکہ پاکستان کی جانب سے طورخم بارڈر 7/24گھنٹے کھلا رہنے کے ثمرات بھی زیادہ سے زیادہ مل سکیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پاک افغان ٹریڈ فیسیلی ٹیشن کمیٹی میں پاکستان اور افغانستان چیپٹر سے 6/6 ممبران لئے جائیں گے جو ہر ماہ اجلاس میں شریک ہوں گے اور اپنی سفارشات مرتب کریں گے۔ اورہر ماہ کا اجلاس موجودہ کمرشل اتاشی کی سرپرستی میں ہوا کرے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاک افغان ٹریڈ فیسیلی ٹیشن کمیٹی کے نامزد چیئرمین ضیاء الحق سرحدی جو کہ فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں نے باہمی اتفاق رائے سے کمیٹی کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی اور کمرشل اتاشی محمدفواد آرش سمیت ممبران کا اُن پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کمیٹی کا چیئرمین منتخب کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں دونوں جانب کے ممبران نے اپنی اپنی آرا کا اظہار خیال کیا۔ ضیاء الحق سرحدی نے کہاکہ اس کمیٹی کے قیام سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی خاص طور پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے معاہدہ پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا اور مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔آخر میں ضیاء الحق سرحدی نے کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک باہمی تجارت کے فروغ کے راستے میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے جامع پالیسی مرتب کریں تاکہ افغانستان کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی تجارتی رابطوں میں اضافہ ہو۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاک افغان ٹریڈ فیسیلی ٹیشن کمیٹی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے ساتھ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل میں بڑی مدد ملے گی۔