بائیو ڈیزل کے استعمال سے فضائی آلودگی میں کمی ممکن

بائیو ڈیزل کے استعمال سے فضائی آلودگی میں کمی ممکن

  



اسلام آباد (اے پی پی) استعمال شدہ کوکنگ آئل اور ضائع ہونے والی خوراک کی مدد سے بائیو ڈیزل کی تیاری سے پٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔پاکستان میں بائیو ڈیزل کی تیاری کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ بائیو ڈیزل کے استعمال سے فصائی آلودگی کو کم کرنے میں بھی مدد ہاصل کی جاسکتی ہے۔ معروف تجزیہ کاراختر علی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں کوکنگ آئل کی مارکیٹ کا تخمینہ 4 ملین ٹن سالانہ ہے۔ کوکنگ آئل کی مجموعی کھپت میں سے اگر صرف 10 فیصد استعمال شدہ خوردنی تیل کو اکٹھا کرنے کا نظام وضع کرلیا جائے تو بائیو ڈیزل کی تیاری کے لئے سالانہ 4 لاکھ ٹن استعمال شدہ خوردنی تیل استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف صوبہ پنجاب میں ضائع ہونے والے اگر یومیہ 5 لاکھ لیٹرز ویجی ٹیبل آئل کو اکٹھا کیا جاسکے تو اس سے سالانہ ایک لاکھ 82 ہزار ٹن تیل دستیاب ہوگا۔ پاکستان میں ڈیزل کی سالانہ کھپت 7 ملین ٹن ہے اس طرح استعمال شدہ خوردنی تیل اور ضائع ہونے والی خوراک کی مدد سے ڈیزل کی مجموعی کھپت کے 5 فیصد کے مساوی بائیو ڈیزل پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اختر علی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ استعمال شدہ کو کنگ آئل اور ضائع ہونے والی خوراک سے بائیو ڈیزل کی تیاری سے صرف ڈیزل کی فوری درآمدات میں 5 فیصد کمی لائی جاسکتی ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

مزید : کامرس