ایم سی سی کیخلاف میچز،قومی اور ناردران ٹیموں کا اعلان

ایم سی سی کیخلاف میچز،قومی اور ناردران ٹیموں کا اعلان

  



لاہور(سپورٹسرپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی کیخلاف میچز کیلئے پاکستان شاہینز اور ناردرن کی ٹیموں کا اعلان کر دیا۔ پاکستان شاہینز ایم سی سی کیخلاف ون ڈے جبکہ ناردرن ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،سعود شکیل پاکستان شاہینز جبکہروحیل نذیر ناردرن ٹیم کی قیادت کرینگے۔ایم سی سی کی ٹیم 13 سے 19 فروری تک لاہور کا دورہ کرے گی،ایم سی سی ٹیم کی قیادت سابق سری لنکن کپتان کمار سنگا کارا کریں گئے۔تفصیلات کے مطابق اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کی فاتح ٹیم کے کپتان سعود شکیل کو پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔ 24 سالہ سعود شکیل م مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف 50 اوورز پر مشتمل میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔ ایم سی سی کی ٹیم 13 سے 19 فروری تک لاہور کا دورہ کرے گی تاہم دورے کے دوران شیڈول میچوں کی حتمی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کے فائنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دینے والی قومی ایمرجنگ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل11 کھلاڑیوں کو پاکستان شاہینز میں برقرار رکھا گیا ہے۔کوآرڈینٹر برائے سلیکشن کمیٹی ندیم خان کاکہنا ہے کہ پی سی بی نے ڈھاکہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذیشان ملک کوایم سی سی کے خلاف اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہاکہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا 48 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا ایک خوش آئند عمل ہے، مارلی بون کرکٹ کلب کے صدر اور نامور کرکٹر کمار سنگا کارا کا خود ٹیم کی قیادت کرنا اس دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، پی سی بی کی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کی کاوش ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنا، ٹی ٹونٹی سیریز کھیل کر وطن واپس لوٹنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان آمدپر رضامندی ظاہر کرنااور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سمیت کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اورکرکٹ آئرلینڈ کے اعلیٰ حکام کی پاکستان آمد، پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں سعودشکیل،کپتان(سندھ)، عاکف جاوید (بلوچستان)، حیدر علی (ناردرن)، حسن محسن (سندھ)، عمران رفیق (سدرن پنجاب)، محمد محسن (خیبرپختونخوا)، عمیر بن یوسف (سندھ)، روحیل نذیر،وکٹ کیپر(ناردرن)،سیف بدر (سدرن پنجاب)، ثمین گل (خیبرپختونخوا)، عمر خان (خیبرپختونخوا) اور ذیشان ملک (ناردرن) شامل ہیں۔اس موقع پر ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے بھی ایم سی سی کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کے لیے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گے جبکہ علی عمران، حیدر علی اور زید عالم کو اسکواڈ میں برقرار رکھاگیا ہے۔ چاروں کھلاڑی قومی ٹی ٹونٹی کپ میں ناردرن کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ پی سی بی کی جانب سے منتخب کردہ اسکواڈز کے علاوہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے خلاف 2ٹی ٹونٹی میچز بھی کھیلے گی۔ دونوں میچز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے لیے وارم اپ میچز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شریک دیگر چاروں ٹیمیں اس دوران کراچی میں ایک دوسرے کیخلاف وارم اپ میچز کھیلنے میں مصروف ہوں گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی