جیت ضروری تھی،پی ایس ایل کے بہترین کرکٹر ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں:مصباح الحق

  جیت ضروری تھی،پی ایس ایل کے بہترین کرکٹر ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں:مصباح الحق

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں کامیابی کا کریڈٹ بولرز کو دیتے ہوئے کہا کہ دو سیریز ہارنے کے بعد یہ جیت پاکستان کرکٹ کے لیے بہت ضروری تھی۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف سیریز میں کامیابی سے ہم سب ریلیکس ہوئے اور اعتماد میں اضافہ ہوا، کسی بھی کرکٹر پر ٹیم کے دروازے بند نہیں کیے، پی ایس ایل 5ہم سب کے لیے بہت اہم ہے، اس میں پرفارم کرنے والوں کو ورلڈکپ کے لیے زیر غور لایاجاسکتا ہے۔ابھی ہمارے پاس وقت ہے ہم پی ایس ایل میں سب کی پرفارمنس کا جائزہ لیں گے، پاور ہٹرکی تلاش میں آصف علی کو موقع دیا، مزید بھی دیکھیں گے کہ کون سا لڑکا ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ نے جس طرح ٹیم کی جیت میں اپنے تجربے کو بروئے کارلاکر اہم کردار اداکیا، وہ خوش آئند ہے، سیریز میں سب نے ہی اچھا کھیل پیش کیا، تیسرے میچ میں موسی، عثمان قادر، عماد بٹ اور خوش دل شاہ کو کھلانے کافیصلہ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی