آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی تازہ درجہ بندی،پاکستان چوتھی پوزیشن پر برقرار

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی تازہ درجہ بندی،پاکستان چوتھی پوزیشن پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے، انگلینڈ کی ٹیم نے پروٹیز کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دیکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی تیسری پوزیشن مزید مضبوط کرلی۔ بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم دوسری پوزیشن پر برقرار ہے۔ انگلینڈ نے پروٹیز سے دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے بعد تین درجے ترقی پائی تھی اور پاکستان سے تیسری پوزیشن چھین لی تھی اور اب پروٹیز کر اس کی سرزمین پر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دیکر تیسری پوزیشن مزید بہتر بنا لی ہے۔ بھارت کی ٹیم مسلسل عمدہ کارکردگی اور مسلسل سات ٹیسٹ میچز میں کامیابی کی بدولت پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال اگست اور ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔ اکتوبر میں جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں شکست دیکر مسلسل سات فتوحات کے بعد بھارت کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 360 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اب تک 10 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے 7 میچز جیتے، دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، یوں آسٹریلوی ٹیم ٹیبل پر 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 9 میچز کھیل کر 5 میں کامیابی کے بعد 146 پوائنٹس کے ساتھ اپنی تیسری پوزیشن مزیڈ مضبوط کرلی ہے۔ پاکستان اور سری لنکن ٹیمیں 80، 80 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 60 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 24 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں تاحال دو دو میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور دونوں کے کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آٹھویں جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نویں نمبر پر ہے۔