ٹین پن باؤلنگ چمپئن شپ جیتنا اعزاز سے کم نہیں، دنیال الرحمن

  ٹین پن باؤلنگ چمپئن شپ جیتنا اعزاز سے کم نہیں، دنیال الرحمن

  



اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چمپئن شپ میں انڈر16کا ٹائٹل جیتنے والے جونیئر قومی چمپئن دنیال الرحمن نے کہا ہے کہ اتنی کم عمری میں پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چمپئن شپ میں انڈر16کا ٹائٹل جیتنا کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں، حکومت اگر مجھے بیرون ملک تربیت کیلئے بھجوائے تو انٹرنیشنل سطح پر یقینا ملک کا نام روشن کرسکتا ہوں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹین پن باؤلنگ کے کھیل کی ترقی کے لئے توجہ دینے ضرورت ہے اور ٹین پن باؤلنگ کا ایسا کھیل ہے جو ملک میں دن بدن مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے تاہم اس کھیل پر حکومت اور سپانسر کی طرف سے بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا کہ ٹین پن باؤلنگ مہنگا ترین کھیل ہے اور ہر کھلاڑی اس کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا.

کیونکہ اس کے کھیلنے کے لئے ملک میں چند بڑے بڑے شہروں میں کورٹ موجود ہیں اور کورٹ پر کروڑوں روپے کا خرچہ آتا ہے، عام کھیلوں کی طرح اس کے کورٹ موجود نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کو ٹین پن باؤلنگ کے کھیل کی ترقی کے لئے کم از کم ڈویژن کی سطح پر کھیلنے کے لئے کورٹ بنانے چاہئے، ٹین پن باؤلنگ کا کھیل ڈیڑھ سو قریب ملکوں میں کھیلا جاتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی