سی پیک پراجیکٹ پر کام تیز کیا جائے،فیز ٹو منصوبے بھی ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جائیں:عمران خان

  سی پیک پراجیکٹ پر کام تیز کیا جائے،فیز ٹو منصوبے بھی ترجیحی بنیادوں پر شروع ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مشاورتی عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدراور سینیئر افسران شریک تھے۔ وزیراعظم کوپاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مرحلہ وار قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی، روڈ نیٹ ورک، ریل نیٹ ورک، گوادر پورٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت کے فروغ، سماجی و اقتصادی ترقی،سیاحت اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور سڑکوں کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ گوادر بندرگاہ اور ایئر پورٹ پر کام مرحلہ وار طریقے سے جاری ہے۔ اورنج لائن منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کوئٹہ ریلوے کی فزیبلٹی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔صنعتی ترقی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون کا وزیراعظم نے حال ہی میں سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، رشاکئی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد فروری میں متوقع ہے جبکہ دھابیجی اکنامک زون کی بڈنگ کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔سی پیک فیز ٹو کے تحت سماجی و معاشی ترقی کے ضمن میں تعلیم، صحت، کم آمدنی والے افراد کے لئے ہاؤسنگ،غربت کے خاتمے، احساس پاورٹی گریجوایشن پروگرام اور غذاء کی کمی کے خاتمے کے ضمن میں مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مشاورتی عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہمہ جہتی پاک چین تعلقات کا مظہر ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سماجی شعبوں خصوصاً غربت کے خاتمے اور زراعت جیسے شعبوں کے فروغ کے ضمن میں چین کے تجربے سے مکمل استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت مختلف منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کی رفتارکو تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرحتمی شکل دینے اور انکی بر وقت تکمیل پر زور دیا اور اس ضمن میں تمام متعلقہ وزارتوں کو منصوبوں کی تکمیلی مدت کے اہداف متعین کرنے، بین الوزارتی کوارڈینیشن کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی سی پیک فیز ٹوپر عملدرآمد کے حوالے سے آئندہ جائزہ اجلاس میں متعین کردہ اہداف،منصوبوں پر عمل درآمد میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی جائے۔
سی پیک

مزید :

صفحہ اول -