وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب کا عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق

وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب کا عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام جاری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراور گورنر چودھری سرورنے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں،سیاسی اموراورعمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیساتھ ساتھ صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر چودھری سرور کے درمیان ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات ہوئی۔جس میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے امورکے بارے میں بھی مشاورت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بحران ہے نہ کوئی بحران پیدا ہونے دیں گے۔ حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر اکٹھے ہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے اور سازشیں کرنے والوں کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑاہے۔ تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ہماری نیت اورسمت درست ہے۔پنجاب کو بہترین صوبہ بنانا اور عوام کو اعلیٰ ترین سہولتیں فراہم کرنا ہی ہمارا نصب العین ہے۔سب مل جل کر کام کریں گے، کسی کو شکایت کا موقع دیا ہے اورنہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔ گورنر چودھری سرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح وبہبود کیلئے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے لہٰذاپنجاب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ اورگورنر پنجاب کے زیرصدارت آب پاک اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں آب پاک اتھارٹی سے متعلقہ ضروری امور اورشہریوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے آب پاک اتھارٹی سے متعلقہ امورکوجلد ازجلدطے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بزنس پلان بھی جلد مرتب کیا جائے ۔گورنر پنجاب نے کہاکہ آب پاک اتھارٹی کیلئے بہترین ٹیم موجود ہے اوراس منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین قومی اسمبلی اور صوبائی حکومت میں رابطے کیلئے کوآرڈینیٹرز عامر محمود کیانی اور چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں اراکین قومی اسمبلی اور صوبائی حکومت کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل حل کئے جائیں گے اور کسی کو منتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے بہتر ہے۔سازشی عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -