کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ہے، جرمن سفیر

  کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ہے، جرمن سفیر

  



کراچی (این این آئی) جرمن سفیر برن شلیک ہیک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جرمن چانسلر نے بھارت کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت سے پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہورہی ہے۔ کراچی پریس کلب میں ترقیاتی کاموں کا عمل قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار جرمن سفیر برن شلیک ہیک نے قونصل جنرل یوجین ولفارٹ کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ سفارتخانے اپنی حدود میں رہتے ہوئے سازگار ماحول کیلئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے تاہم مغربی سرحدوں کے کچھ مقامات پر صورتحال خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں اور کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ ضرور ہے تاہم اس پر جرمنی کا موقف کافی واضح ہے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جرمن چانسلر نے بھارت کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جرمن کمپنیاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہیں۔ سیمنزسمیت کئی کمپنیاں کام کررہی ہیں اور پاکستانیوں کو فنی تربیت بھی دے رہی ہیں۔ علاوہ ازیں جرمن گوئٹے اسکول سے جرمنی زبان سیکھی جاسکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل و دیگر مصنوعات کو صفر ڈیوٹی پر برآمدی سہولت حاصل ہے تاہم جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں کاروبار کا حکم نہیں دے سکتے۔ پاکستان، یورپی یونین میں ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کی سہولت سے استفادہ کر رہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان اور یورپی یونین مارکیٹ کے درمیان تجارت کا حجم بڑھ رہا ہے۔ جرمن سفیر کے مطابق کراچی پریس کلب آنا میری ترجیحات میں شامل تھا۔

جرمن سفیر

مزید : صفحہ آخر