نام نہادسیکولر بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا،مشعال ملک
راولپنڈی(این این آئی)چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن اور حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ انسانی تاریخ کے بدترین ظلم کے باوجودبھارتی افواج کشمیری عوام کے جذبہ حریت کودبانے میں ناکام ہو چکی ہیں، کشمیری عوام کے صبر کی بدولت آج پوری دنیا کے سامنے نام نہادسیکولر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنا حق آزادی حاصل کر لیں گے -یہ بات انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں کشمیری ڈے کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی - نمائش میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم پر مبنی ایک سو سے زائد تاریخی اور نئی تصاویر رکھی گئی ہیں - ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد، ناہید منظور، مصوروں،مقامی فنکاروں اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی -مشال ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک پر مقبوضہ کشمیر میں جیل کے اندر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے اور انہیں اسی جیل میں قید کیا گیا ہے جس میں حریت پسندوں مقبول بٹ اور افضل گرو کو پھانسی دی گئی تھی - انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کی بد دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ شہریت کے متنازعہ قانون کی وجہ سے پورے بھارت میں آگ لگ چکی ہے اور ہر ریاست کے عوام مودی سرکار کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں -
مشال ملک