افغان صدر کی ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت، فردوس عاشق

  افغان صدر کی ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت، فردوس عاشق

  



اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعا ت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے، افغان قیادت کو ایسے بیانات سے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں عدم مداخلت کے اصولوں کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا افغان صدراشرف غنی کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔افغان قیادت کو ایسے بیانات سے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں عدم مداخلت کے اصولوں کو پیش نظر رکھنا چاہیے،پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے۔افغانستان میں قیام امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے ملکرکام کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاپاکستان خود مختار ریاست ہے۔آئین پاکستان سے منحرف عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرنا پاکستان کا قانون ہے۔ کسی اور ملک کا دوسرے ملک میں قانون کی بالادستی کے خلاف بات کرنا سفارتی تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور غیور عوام نے اپنے لہو سے سے امن کے دیے روشن کیے ہیں۔کسی شر پسند کو امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔شرپسندوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول