حکومت معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کرے،محمد حسین محنتی

  حکومت معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کرے،محمد حسین محنتی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں اور فرسودہ نظام نے عوام کو مہنگائی، بدامنی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ انسانیت کو مسائل سے نجات اور چین و سکون صرف دین فطرت میں عمل کرنے میں ہی مل سکتا ہے۔ حکومت معیشت کی بہتری اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے تاجر برادری سے ملکر عوام کو ریلیف دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور خاص میں انجمن تاجران کے صدر انیس الرحمان شیخ کی رہائش گاہ پر تاجر برادری سے بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی امیر نے صدر انجمن تاجران کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے جنرل سیکریٹری محمد امین میمن، ترجمان نورالدین قریشی، امیر ضلع محمد افضال، امیر شہر حاجی نور الہیٰ مغل، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے تاجر رہنماء بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے حکومت نے پوری توجہ ٹیکس ریکوری اور تاجروں کی پکڑ دھکڑ میں لگائی ہوئی ہے جبکہ حکومت کو چاہیے کہ معیشت کی بہتری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے۔

مزید : صفحہ اول