کراچی،آئی بی ایم ایس کے 100طلبہ کے ایم فل کے تھیسس مکمل

  کراچی،آئی بی ایم ایس کے 100طلبہ کے ایم فل کے تھیسس مکمل

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف بائیو میڈیکل سائنسز نے 9برس کے مختصر عرصے میں 100ایم فل طلبا تیار کیے، جو بیرونِ ملک اور مختلف اداروں میں اپنی صلاحیتیوں کا استعمال کر کے قومی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، بائیو میڈیکل سائنسز کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں بھی ریسرچ کی بہت ضرورت ہے، یہ باتیں انہو ں نے ادارے کے طلبا کی جانب سے 100ایم فل تھیسس مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد ہونے والی تقریب سے بہ حیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر آئی بی ایم ایس کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر زیبا حق، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اویس نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر پروفیسر ناصر بھٹی، پروفیسر مظہر، پروفیسر ضیا الاسلام، پروفیسر مظفر سمیت طلبا واساتذہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ حالیہ کامیابی انسٹی ٹیوٹ آف بائیو میڈیکل سائنسز کی منزل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، امید ہے کہ یہ انسٹی ٹیو ٹ اپنے قیام کے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہورہا ہے، 2008میں جب اس کا قیام عمل میں لایا گیاتو اہداف اعلی رکھنے کے باوجود کامیابی کے امکانات بہت زیادہ روشن نہیں تھے، لیکن اساتذہ اور طلبا کی محنت نے اس ادارے کو توقع سے زیادہ کامیاب بنادیا، 2011میں ایم فل کے پہلے طالبعلم نے اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا حق نے کہا کہ ہمارے مختلف شعبوں کے ایم فل طلبا میں سے 84پاکستان میں طبی تعلیم کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے علاوہ مختلف اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ 14بیرونِ ملک مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے اس موقع پر مختلف شعبوں میں ایم فل تھیسس مکمل کرنے والے طلبا کو تفصیل بھی بتائی، جس کے مطابق اناٹومی کے 25،بائیو کیمسٹری کے 5، جینیٹکس 1، ہیماٹولوجی 8، ہسٹوپیتھالوجی 10، مائیکروبائیولوجی7، مالیکیولر میڈیسن اینڈ بائیو انفارمیٹکس 1، مالیکیولر پیتھالوجی 9، فارماکولوجی 11اور فزیالوجی کے 23 شامل ہیں، تقریب کے آخر میں پروفیسر محمد سعید قریشی نے مقالے پیش کرنے والے حاضر طلبا سے ملاقات کی اور ان کے شعبوں کے متعلق مختلف سوالات کیے۔

مزید : صفحہ آخر