موجودہ حکومت اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے فیل ہوچکی ہے: انجینئر امیر مقام

موجودہ حکومت اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے فیل ہوچکی ہے: انجینئر امیر مقام
موجودہ حکومت اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے فیل ہوچکی ہے: انجینئر امیر مقام

  



دبئی (طاہر منیر طاہر) موجودہ حکومت اپنی ناقص پالیسیوں اور غلط حکمت عملیوں کی وجہ سے ناکام ہوچکی ہے۔ ملک مسائل کے گرداب میں پھنس گی اہے، عوام بے حد پریشان ہیں جبکہ حکومتی غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان معاشی بحران سے بھی دوچار ہے۔ لاہور میٹرو کو جنگلا بس کہنے والوں نے نقل کرتے ہوئے پشاور میں مٹرو شروع کی جو اربوں روپیہ لگنے کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوئی بلکہ کروڑوں روپیہ کرپشن کی نذر ہوگیا۔ واضح ثبوت ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کی حکومت نقصان اور کرپشن کے ذمہ داران کے خلاف کوئی کام نہیں کررہی جبکہ اپوزیشن کو غلط اور نام نہاد الزامات لگا کر پکڑا جارہا ہے جو سراسرزیادتی اور ناانصافی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پی ایم ایل این پختونخوا کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے گزشتہ روز دبئی میں ایک تقریب سے کطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر امیر مقام کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات کے سدا بہار صدر چودھری محمد اطلاف نے کیا تھا جس میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب میں پی ایم ایل این مڈل ایسٹ کے جنرل سیکرٹری محمد افتخار بٹ جبکہ پی ایم ایل این امارات کے دیگر عہدیداران و ممبران راجہ خالد، محمد یوسف، چودھری خالد بشیر، محمد نعیم، عاشق سواتی، ایم این اے احسان الحق باجوہ، پی پی پی دبئی کے صدر چودھری ظفر اقبال، نائب صدر غلام محی الدین، سردار آصف کریم، طارق اعوان، ڈاکٹر محبوب احمد اور عارف عامر منہاس نے شرکت کی۔ دیگر شرکائے تقریب میں ڈاکٹر محمد یونس، مسعود ساہی، انیس الرحمان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض پی ایم ایل این یو اے ای کے سیکرٹری انفارمیشن راجہ ابوبکر آفندی نے انجام دئیے۔

دوران تقریر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف صحت یابی کے بعد دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جلد پاکستان میں ہوں گے اور ملک میں اپنا سیاسی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ اور پریشان ہیں اور ملک میں بڑی تبدیلی چاہتے ہیں۔ امیر مقام نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف پی ایم ایل این کے پاس ہے۔ محمد نواز شریف کے دور حکومت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا جسے دوبارہ تنزلی کی راہوں پر دھکیل دیا گیا ہے۔ مستقبل ایک بار پھر پی ایم ایل این کا ہے اور مسلم لیگ ن ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔

مزید : عرب دنیا