دس اور12 سالہ دلہنوں کی شادیوں کی کوشش ناکام لیکن دراصل دولہوں کی عمریں کتنی تھیں؟ جان کر آپ بھی کانوں کو ہاتھ لگائیں گے
ملتان(ویب ڈیسک) پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑی عمر کے مردوں سے کی جانے والی دو کمسن بچیوں کی شادیاں ناکام بنا دیں۔ پولیس نے بارات میں شامل ایک دولھا کو موقع سے گرفتار کرلیا جب کہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ہم نیوز کے مطابق ملتان کی بستی خداداد میں گزشتہ روز فیصل کا فائزہ سے اور احسن کا طیبہ سے نکاح پڑھایا گیا تھا۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق آج دونوں دلہنوں کی رخصتی ہونا تھی۔چینل ذرائع کے مطابق فیصل کی عمر 45 سال اور فائزہ کی عمر صرف دس سال ہے۔ اسی طرح احسن کی عمر 37 سال اور طیبہ کی عمر 12 سال ہے۔
پولیس کے مطابق جب اس بے جوڑ اور غیر قانونی شادی کی بابت علم ہوا تو علاقہ پولیس نے شادی کی تقریب پہ چھاپہ مارا اور موقع سے دلہنوں کو برآمد کرلیا۔دولہا احسن کو پولیس نے موقع پر گرفتار کیا جب کہ فیصل جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ہم نیوز کو علاقہ مکینوں نے بتایا ہے کہ دولہے اور دلہنیں آپس میں ماموں زاد ہیں۔ ملکی قوانین کے مطابق 18 سال سے کم عمر لڑکے یا لڑکی کی شادی نہیں کی جا سکتی ہے۔