پشاور میں شارخ خان کی کزن ” نور جہاں عرف منی“ انتقال کر گئیں

پشاور میں شارخ خان کی کزن ” نور جہاں عرف منی“ انتقال کر گئیں
پشاور میں شارخ خان کی کزن ” نور جہاں عرف منی“ انتقال کر گئیں

  



پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی چچا زاد بہن نور جہاں عرف منی 52 سال کی عمر میں پشاور میں انتقال کر گئیں ہیں۔

نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی چچا زاد بہن نور جہاں کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور ان کا انتقال پشاور میں ہوا۔ وہ پشاور کے قصہ خوانی بازار کے قریبی علاقے محلہ شاہ ولی قتال میں رہائش پذیر تھیں ، نور جہاں اپنے چچا زاد بھائی اور فلم اسٹار شاہ رخ خان سے ملنے کئی مرتبہ بھارت بھی گئیں جہاں انہوں نے پرانی یادیں تازہ کیں۔منی کی خواہش تھی کہ شاہ رخ خان بھی پشاور آئیں اور خاندان کے افراد سے ملیں، شاہ رخ خان نے نور جہاں سے پاکستان خصوصاً آبائی شہر پشاور آنے کا بھی وعدہ کیا تھا۔تاہم مرحومہ نور جہاں کی اپنی زندگی میں شاہ رخ خان سے پشاور میں ملاقات کی خواہش ادھوری ہی رہ گئی۔نور جہاں کے والد غلام محمد گاما تحریک پاکستان کے کارکن اور پشاور شہر کی جانی پہچانی شخصیت تھے۔مرحومہ نورجہاں عوامی نیشنل پارٹی کی دیرینہ کارکن تھیں اور یونین کونسلر بھی رہ چکی تھیں۔

مزید : قومی