شیخ رشید نے تبلیغی جماعت والوں کے سلینڈر کو ذمہ دار قرار دیا لیکن ٹرین میں آگ سلینڈر کی وجہ سے نہیں لگی ، بلاآخر اصل وجہ سامنے آ گئی

شیخ رشید نے تبلیغی جماعت والوں کے سلینڈر کو ذمہ دار قرار دیا لیکن ٹرین میں آگ ...
شیخ رشید نے تبلیغی جماعت والوں کے سلینڈر کو ذمہ دار قرار دیا لیکن ٹرین میں آگ سلینڈر کی وجہ سے نہیں لگی ، بلاآخر اصل وجہ سامنے آ گئی

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دوست محمد لغاری نے انکشاف کیا ہے کہ 31 اکتوبر کو تیز گام ٹرین میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی تھی ۔سانحہ تیز گام میں 75 افراد جاں بحق ہو ئے تھے جبکہ 50 کے قریب زخمی ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو ریلوے دوست محمد لغاری نے مزید بتایا کہ کوچ 12 ڈائننگ کار میں الیکٹرک کیٹل کےاستعمال میں تارگرم ہونے سے آگ لگی، 12 نمبربوگی میں بجلی بوگی نمبر 11کے الیکٹرک کیبن سے غیر قانونی لی گئی تھی۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ حادثے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے آگ کا ذمہ دار تبلیغی جماعت والوں کے سلینڈر کو قرار دیا تھا تاہم اب انکوائری رپورٹ سامنے آ گئی ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ وائرنگ متاثر ہونے سے مسافر بوگی میں پہلے دھواں بھرا پھر آگ لگی جس نے بوگی نمبر 12 کی تمام وائرنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے کے بعد سلنڈر پھٹا۔دوست محمد لغاری نے کہا کہ تیز گام سانحہ میں 76 افراد جاں بحق اور 48 مسافر زخمی ہوئے تھے، میں نے بطور فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر ریلویز انکوائری رپورٹ مرتب کی، حادثے میں ڈپٹی ڈی ایس اور کمرشل آفیسر سمیت 15 لوگ ذمہ دار قرار پائے جن میں سے افسران اور دیگر عملہ معطل ہے۔سی ای او ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے چاروں صوبوں کو ملانے والا سرکاری ادارہ ہے اسے بند کرنے کی ضرورت نہیں، ریلوے آفیسرز اور ملازمین ساتھ مل کر ٹرین کا سفر آرام دہ اور محفوظ بنائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 31 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے قریب آگ لگی جس کے نتیجے میں 76 افراد جاں بحق اور 48 سے زائد زخمی ہوگئے۔

مزید : قومی