بختاور بھٹو زرداری کی 30ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی

بختاور بھٹو زرداری کی 30ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی
بختاور بھٹو زرداری کی 30ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی

  



دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابقہ وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی 30ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی۔ سالگرہ کی تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلزپارٹی ویمن ونگ گلف کی سینئر وائس پریذیڈنٹ عائشہ منیر ہانس نے کیا تھا۔ اس تقریب میں پی پی پی کی عہدیداران اور ورکرز نے شرکت کی جن میں شیریں درانی، مہوش شیخ، نجمہ شاہ، نجمہ جیلانی، طاہرہ مغل، تسنیم، سارہ رائے، نجمہ احسان ودیگر شامل تھیں۔

اس موقع پر خواتین نے مل کر بختاور بھٹو زرداری کی 30ویں سالگرہ کا کیک کاٹا، تالیاں بجائیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی جبکہ سالگرہ کا تہنیتی پیغام بختاور بھٹو زرداری کو بھی پہنچایا گیا۔ سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران پی پی پی گلف کے صدر میاں منیر ہانس اور پاکستانی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ارکان بھی موجود تھے۔

سالگرہ کی تقریب کے دوران پی پی پی لیڈیز ونگ کی عہدیداران نے بھٹو خاندان اور پیپلزپارٹی سے اپنی گہری عقیدت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھٹو خاندان کے ہر دکھ سکھ میں شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم پی پی پی کے ہر موقع پر تقریبا کا انعقاد کرتے ہیں۔ عائشہ منیر ہانس نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی صحیح معنوں میں پاکستانیوں کی ترجمان پارٹی ہے اور عوام الناس کی اپنی جماعت ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں عوام الناس، خواتین کے حقوق اور ملک کے غریب طبقہ کا خیال رکھا۔ آصف علی زرداری اور بے نظیر بھٹو کے بعد اب پارٹی کی قیادت نوجوان ہاتھوں میں ہے۔

نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری پارٹی کو بالکل صحیح سمت لے جارہے وہ پاکستان کے عوام کی امیدوں کا محور ہیں اور پاکستان کا روشن مستقبل انہی کے ہاتھ میں ہے۔ لہٰذا ہم سب کو چاہیے کہ پاکستان کے استحکام اور مضبوطی کی خاطر اپنے لیڈر بلاول بھٹو زرداری کے شانہ بشانہ چلیں اور ان کے سیاسی ہاتھ مضبوط کریں۔ عائشہ منیر ہانس نے کہا کہ وہ حال ہی میں پیپلزپارٹی کے شعبہ خواتین کی سینئر نائب صدر برائے گلف منتخب ہوئی ہیں ان کی کوشش ہوگی کہ وہ گلف ریجن میں پارٹی کو مضبوط کریں اور اندرون و بیرون ملک پیپلزپارٹی کے ووٹ بنک میں اضافہ کریں تاکہ اگلے انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو۔

مزید : عرب دنیا