سپریم کورٹ، افغانستان کو برآمد کردہ چینی روکنے کے معاملے پرکسٹمز کی اپیل منظور

سپریم کورٹ، افغانستان کو برآمد کردہ چینی روکنے کے معاملے پرکسٹمز کی اپیل ...
سپریم کورٹ، افغانستان کو برآمد کردہ چینی روکنے کے معاملے پرکسٹمز کی اپیل منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے افغانستان کو برآمد کی گئی چینی کسٹمز کی جانب سے روکنے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کسٹمزکی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی اورضبط شدہ چینی واپس کرنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ میں افغانستان کو برآمدکی گئی چینی کسٹمز کی جانب سے روکنے کے معاملے پر سماعت ہوئی، جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی ،جسٹس عمر عطابندیال نے استفسار کیاکہ کسٹم والوں نے کس قانون کے تحت چینی کے کنٹینرزکو روکا؟،عدالت نے کہا کہ برآمدکی جانےوالی چیز کا معیار کسٹم کس قانون کے تحت دیکھ سکتا ہے؟ ،وکیل کسٹمز نے کہا کہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈمعاہدے کے رولزکسٹمز کو انسپکشن کا اختیار دیتے ہیں،مضر صحت اشیاکو انسپکشن کے بعد ضبط بھی کر سکتے ہیں ۔
جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ بادی النظر میں کسٹمز والے کراس بارڈر مسائل کو دیکھ سکتے ہیں،جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا کہ کیا ایسے معاہدے صرف پڑوسی ممالک کے ساتھ کیے جاتے ہیں؟ وکیل کسٹمز نے کہا کہ ہر ملک کے ساتھ الگ الگ معاہدے ہوتے ہیں۔جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے استفسار کیا کہ چینی بھارت سے پاکستان کے راستے افغانستان جانی تھی، ہمارا کیا تعلق ؟
عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں کسٹم حکام کو باہر بھیجی جانے والی خوراک یا چیزوں کی انسپکشن کا اختیار ہے،کسٹم حکام نے چینی غیرمعیاری ہونے پرکنٹینرروکے۔
عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف کسٹمز کی اپیل سماعت کےلئے منظورکرلی اورضبط شدہ چینی واپس کرنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا،عدالت نے کہا کہ کیس کے فیصلے تک سندھ ہائیکورٹ کا حکم معطل رہے گا،عدالت نے مزید سماعت13فروری تک ملتوی کردی۔