تیسرے ٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلہ، سپر اوور میں 2 گیندوں پر 10 رنز درکار، پھر روہت شرما نے کیا کام کیا؟

تیسرے ٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلہ، سپر اوور میں 2 گیندوں پر 10 رنز درکار، پھر ...
تیسرے ٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلہ، سپر اوور میں 2 گیندوں پر 10 رنز درکار، پھر روہت شرما نے کیا کام کیا؟

  



ہملٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں روہت شرما کے آخری دو گیندوں پر دو چھکوں کی بدولت شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیڈون پارک ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ روہت شرما 65 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں لوکیش راہول 27، شیوم دوبے 3، ویرات کوہلی 38، شریاس ائیر 17، منیش پانڈے 14 اور رویندرا جدیجہ 10 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہمیش بینیٹ سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مچل سینٹنر اور کولن ڈی گرینڈہوم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا کر میچ برابر کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ کپتان کین ولیم سن نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے جبکہ مارٹن گپٹل 31، کولن منرو 14، مچل سینٹنر 9، کولن ڈی گرینڈہوم 5 اور راس ٹیلر 17 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

بھارت کی جانب سے تمام باﺅلرز نے مجموعی طورپر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، شردل ٹھاکر اور محمد شامی نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یوزویندرا چھاہل اور رویندرا جدیجہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ برابر ہونے پر فیصلہ سپر اوور میں ہوا اور نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 گیندوں پر 17 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی اوپنر روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کی ، بھارتی ٹیم نے 17 رنز کے تعاقب میں 4 گیندوں پر 8 رنز بنائے اور اسے آخری 2 گیندوں پر 9 رنز کی ضرورت تھی تاہم روہت شرما نے لگاتار دو چھکے لگا کر فتح اپنی ٹیم کی جھو لی میں ڈال دی۔

مزید : کھیل